گلگت بلتستان کو شامل کرنا بھارت کا ہدف، بھارتی وزیر دفاع
28 اکتوبر 2022بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارت نے شمال کی طرف بڑھنا شروع کر دیا ہے اور یہ سفر گلگت بلتستان کو بھارت میں باضابطہ شامل کرنے کے بعد ہی مکمل ہو گا۔
راج ناتھ سنگھ سن 1947میں پاکستانی علاقے سے کشمیر میں داخل ہوجانے والے قبائلیوں کو نکالنے کے لیے بھارتی فوج کی کارروائیوں کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ بھارتی فوج اس دن کی یاد میں 27 اکتوبر کو 'شوریہ دیوس' (یوم شجاعت) کے طور پر مناتی ہے۔
کشمیر کی آزادی کے اپنے بابا کے مشن کو آگے بڑھاؤں گی، رضیہ سلطانہ
بھارتی وزیر دفاع نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے عوام پر ہونے والے مبینہ "مظالم" کے خلاف پاکستان کو بظاہر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "ہم نے شمال کی جانب بڑھنا شروع کر دیا ہے اور ہمارا سفر اس وقت مکمل ہوگا جب ہم بھارتی پارلیمان کے ذریعہ 22 فروری 1994کو متفقہ طور پر منظور کردہ اس قرارداد کو نافذ کر دیں گے جس میں (پاکستان کے زیر انتظام) بقیہ علاقوں، گلگت اور بلتستان تک پہنچنے کا عہد کیا گیا ہے۔"
خیال رہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کے زیر انتظام کشمیرکے بالکل شمالی کنارے پر واقع ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی سن 2016 میں یوم آزادی کے موقع پر روایتی تقریرمیں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کے الزامات لگائے تھے۔
بھارت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے لوگوں کا درد محسوس کرتا ہے
بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے عوام کو بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا، "بھارت، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے لوگوں کے درد کو محسوس کر رہا ہے، جہاں لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانا اور ہراساں کرنا روز کا معمول بن گیا ہے۔"
انہوں نے کہا، "میں پاکستان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اس نے جبراً قبضہ کیے گئے ان خطوں میں رہنے والے لوگوں کو کیا حقوق دیے ہیں۔"
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں اقتصادی راہداری: بھارت سیخ پا
بھارتی رہنما کا کہنا تھا کہپاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے عوام پر ہونے والے مصائب اور مظالم کے لیے حکومت پاکستان پوری طرح ذمہ دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا، "اسلام آباد آج پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جو کچھ بھی کر رہا ہے آنے والے دنوں میں اسے اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔"
پاکستانی وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب: کشمیر اور سیلاب موضوع
خیال رہے کہ پاکستان بھی بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں لوگوں پر ہونے مبینہ مظالم اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا معاملہ بین الاقوامی فورمز پر اکثر اٹھاتا رہتا ہے۔ اسلام آباد نے جموں و کشمیر کو بھارتی آئین میں حاصل خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے نریندر مودی حکومت کے فیصلے کی بھی مخالفت کی تھی۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے لوگوں کو "معصوم بھارتی" قرار دیتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ (بھارت کے پہلے وزیر داخلہ) سردار ولبھ بھائی پٹیل کے قومی اتحاد کا خواب اس دن پورا ہوگا جب 1947 کے تمام مہاجرین کو انصاف اور ان کے اجداد کی زمینیں واپس ملیں گی۔"