یوکرین جنگ، تازہ صورتحال
7 مئی 2022روس کی جانب سے 24 فروری کو یوکرین پر فوجی حملہ کیا گیا تھا۔ یہ جنگ عالمی سطح پر خدشات اور تحفظات کا سبب بنی ہوئی ہے۔ اس جنگ کے بارے میں مختصراﹰ تازہ صورتحال اور دیگر پیشرفت آپ کے لیے پیش ہے۔
جنگی محاذ کی صورتحال
-
روسی فورسز نے ماریوپول کے آزوفسٹال اسٹیل پلانٹ پر زمینی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں میں اسے فضائی مدد بھی حاصل ہے۔
-
روس نے یوکرین کے مشرقی حصے میں پیشقدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق اس کی فورسز نے ڈونیٹسک کے علاقے کے شہر کراماٹورسک میں واقع ایک اسلحہ ڈپو کو تباہ کر دیا ہے۔ بیان کے مطابق روسی فورسز نے دو یوکرینی لڑاکا طیاروں کو بھی مار گرایا ہے۔
-
یوکرینی فورسز نے خارکیف اور خیرسون کے قریب کسی حد تک پیشقدمی کی ہے اور روسی فورسز کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ یوکرینی صدر کے مشیر کے مطابق اس پیشقدمی کے دوران ان کا اپنا بھی نقصان ہوا ہے۔
انسانی حوالے سے صورتحال
-
ماریوپول کے آزوفسٹال اسٹیل پلانٹ کی سرنگوں میں پناہ لیے ہوئے سویلین افراد میں سے مزید 50 افراد کو وہاں سے نکالا گیا ہے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ ان افراد کو بس کے ذریعے محفوظ مقام کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔ آج ہفتہ سات مئی کو مزید افراد کو وہاں سے نکالا جانا ہے۔
-
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اس بات کے قابل بھروسہ شواہد موجود ہیں کہ روسی فورسز فروری اور مارچ میں یوکرینی دارالحکومت کییف پر قبضے کی ناکام کوشش کے دوران جنگی جرائم کی مرتکب ہوئیں۔ روس کی طرف سے تاہم اس بات کی تردید کی گئی ہے کہ اس کی فورسز نے کسی طرح کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔
-
یوکرینی صدر وولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی حملوں میں سینکڑوں ہسپتالوں اور دیگر طبی سہولیات کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
سفارتی محاذ کی صورتحال
-
روس پیر نو مئی کو سوویت فورسز کی نازی جرمن فورسز پر فتح کی 77ویں سالگرہ کی تقریبات منعقد کر رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن اس موقع پر ایک بار پھر مغرب کو جوہری جنگ کے خطرے کی دھمکی دیں گے۔
-
امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کی سکیورٹی کے لیے 150 ملین ڈالر کی فراہمی کے ایک پیکج پر دستخط کیے ہیں۔ اس پیکج میں یوکرین کو مزید گولہ بارود، راڈار اور دیگر جنگی آلات فراہم کیے جائیں گے۔
-
دنیا کے سات طاقتور ترین صنعتی ممالک کے گروپ جی سیون کے رہنما اتوار آٹھ مئی کو ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کریں گے۔ امریکی صدر کے دفتر کے مطابق اس ملاقات کا مقصد یوکرینی صدر وولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔ یہ بات چیت روس کی طرف سے وکٹری ڈے کی چھٹی کے موقع پر ہو رہی ہے۔
-
یورپی کمیشن نے روسی تیل کی خریداری پر پابندی کے اپنے مجوزہ منصوبے میں تبدیلی کی تجویز دی ہے تاکہ ہنگری، سلوواکیہ اور چیک ری پبلک کو اپنی توانائی کی ضروریات دیگر ذرائع سے پوری کرنے کے لیے کچھ وقت مل سکے۔
ا ب ا/ع ح (روئٹرز)