آخر میسی اب بارسلونا کے لیے کیوں نہیں کھیلیں گے؟
6 اگست 2021بارسلونا فٹبال کلب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کلب کے ساتھ اپنے کانٹریکٹ کی تجدید میں بعض مسائل کی وجہ سے ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو چھوڑ رہے ہیں۔ کلب کے مطابق بعض، ''مالی اور انتظامی رکاوٹوں کے سبب'' ان کے کانٹریکٹ کی تجدید نہیں ہو پائے گی۔
ایف سی بارسلونا نے اپنے بیان میں کہا، ''فریقین نے اس بات پرگہرے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ کھلاڑی اور کلب دونوں کی خواہشات پر بالآخر عمل کرنا ناممکن ہو گیا۔''
ارجینٹینا سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ کھلاڑی لیونل میسی کو نہ صرف اس وقت دنیا کا بہترین کھلاڑی مانا جاتا ہے بلکہ تاریخ کے بہترین فٹبال کھلاڑیوں میں بھی ان کا شمار بھی ہوتا ہے۔ میسی کو، ہر برس بہترین فٹبالر کو دیے جانے والے ایوارڈ 'بیلن ڈی اور' انعام، سے ریکارڈ طور پر چھ بار نوازا جا چکا ہے۔
ایف سی بارسلونا کا کیا کہنا ہے؟
بارسلونا کے ساتھ میسی کا کانٹریکٹ اس برس جون میں ختم ہو گیا تھا اور اس کے بعد سے کلب نے ان کے ساتھ دوسرے سیزن کے لیے معاہدہ کرنے سے منع کر دیا۔ لا لیگا سے تعلق رکھنے والے حکام نے میسی کی کھیل سے ہونے والی کمائی پر ایک حد مقرر کر دی تھی جس کے بعد کلب تقریبا ًسوا آٹھ کروڑ ڈالر کی فیس انہیں ادا کرنے سے قاصر تھا۔
کلب نے اپنے بیان میں کہا، ''ایف سی بارسلونا کلب کو اتنا بڑا کرنے میں ان کے تعاون کے لیے کلب ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے اور ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔''
اطلاعات کے مطابق میسی کچھ فیس کی کٹوتی کے ساتھ کلب کے ساتھ اپنا کانٹریکٹ جاری رکھنے کے حق میں تھے اور انہیں کلب کے ساتھ مزید پانچ برس کا معاہدہ کرنے کی توقع بھی تھی۔
لیکن نئے معاہدے کے لیے کیٹلان کلب کو اپنے مالی اسٹرکچر کو از سر نو تشکیل دینے کی ضرورت ہے اور یہ ایک ایسا کام ہے جو بالآخر قابل عمل نہیں تھا۔ خاص طور پر ایسی حالت میں جب کلب تقریبا ًسوا ارب ڈالر کے قرض کے بوجھ تلے دبا ہے۔
بارسلونا کے ساتھ میسی کے کار نامے
لیونل میسی نے بارسلونا کی طرف سے 705 میچ کھیلے اور کلب کے لیے ریکارڈ سطح پر 672 گول کیے۔ اسپین کی تاریخ میں کسی بھی کلب کی جانب سے کسی ایک کھلاڑی نے تاریخ میں پہلے کبھی بھی اتنے گول نہیں کیے۔ اس سے قبل برازیل کے کھلاڑی پیلے نے اس کلب کے ساتھ کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ گول کیے تھے تاہم گزشتہ برس میسی نے ان کا بھی ریکارڈ توڑ دیا تھا۔
بارسلونا کے ساتھ 17 سیزن کھیلتے ہوئے میسی نے 34 ٹرافیاں جیتیں جس میں دس لا لیگا لیگ چیمپیئن شپ کی، سات کوپا ڈیل رے ٹائٹلز اور باقی یو ای ایف اے لیگ کی ٹرافیاں شامل ہیں۔ انہیں یورپی کلب مقابلوں میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کے لیے چھ بار گولڈن بوٹس کے انعام سے نوازا جا چکا ہے۔
ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے ایف سی بارسلونا کے فارورڈ کھلاڑی لیونل میسی کا موازنہ ان کے ہم عصر اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو سے اس وقت سے ہوتا رہا ہے جب سے وہ مخالف ٹیم ریال میڈرڈ میں شامل ہوئے۔
میسی ارجینٹینا میں پیدا ہوئے تھے تاہم 13 برس کی عمر میں ہی وہ بارسلونا منتقل ہو گئے تھے اور 17 برس کی عمر میں ہی انہوں نے اپنا پہلا اہم میچ کھیل کر دھوم مچا دی تھی اور پھر راتوں رات اسٹار بن گئے تھے۔
سن 2019 میں بارسلونا کے ساتھ کھیلنے کے دوران فوربس میگزین نے انہیں دنیا کا سب سے مہنگا کھلاڑی بتایا تھا جنہیں سب سے زیادہ فیس ادا کی جاتی تھی۔ ایک برس بعد ہی انہیں دنیا کا ایسا دوسرا کھلاڑی بتایا گیا جس کی ایک برس میں ایک ارب سے بھی زیادہ ڈالر کی کمائی ہوتی ہو۔
آگے کیا ہوگا؟
اس برس موسم گرما کے اختتام پر میسی بارسلونا کلب کو خیر باد کہہ دیں گے جس کے ساتھ وہ 13 برس کی عمر سے ہی کھیلتے آئے تھے۔ کسی دوسرے کلب کے ساتھ نیا معاہدہ ہونے تک وہ آزاد رہیں گے۔ امید ہے کہ یورپ کے تمام بہترین کلب اپنی ٹیم میں انہیں شامل کرنے کے لیے ان سے رابطہ کریں گے۔ فٹبال کے مداحوں کو اب اس بات کا انتظار ہے کہ آخر اب وہ کن سے نئے کلب میں شامل ہوتے ہیں۔
ص/ ز ج ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ایے آئی ڈی)