’آپ کا تعلق یہاں سے ہے‘
22 جولائی 2017بلڈ اخبار میں جرمن وزارت خارجہ کے شائع ہونے والے ایک خط میں وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے کہا، ’’ہم ہمیشہ سے ترکی کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں کیونکہ ہمیں علم ہے کہ ان دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات آپ کے لیے ضروری ہیں۔‘‘ گابریئل نے مزید کہا کہ جرمن حکومت بغیر کسی وجہ کےاپنے شہریوں کی گرفتاری کے خلاف ہے، ’’ ہمیں اپنے شہریوں کو لازمی تحفظ دینا ہے‘‘۔
اس موقع پر انہوں نے جرمنی میں مقیم ترک نژاد شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’ ہم آپ کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ جرمنی اور ترکی کے سیاسی تعلقات چاہے جتنے بھی پیچیدہ ہو جائیں ایک بات واضح ہے کہ جرمنی کے ترک نژاد لوگوں کا تعلق ہم سے ہے۔ اس سے قطع نظر کے آپ کے پاس جرمن پاسپورٹ ہے کہ نہیں۔‘‘
زیگمار گابریئل کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا کہ جب ابھی برلن حکومت کی جانب سے ترکی کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان کیے ہوئے اڑتالیس گھنٹے بھی نہیں گزرے ہیں۔
جرمنی نے ترک صدر کی درخواست مسترد کر دی
جرمنی اپنے ہاں ’دہشت گردوں‘ پر توجہ دے، ترک صدر ایردوآن
’بلڈ‘ کی آج ہفتے کی اشاعت میں شائع ہونے والے اس خط میں گابریئل نے ترک اور جرمن شہریوں کے مابین دوستی کو ایک ’انمول خزانے‘ سے تعبیر کیا ہے۔ جرمنی میں ترکی پس منظر کےتقریباً تین ملین افراد آباد ہیں۔
ایک ترک عدالت کی جانب سے انسانی حقوق کے چھ کارکنوں کی مدت حراست میں توسیع کے فیصلے بعد برلن اور انقرہ کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔ ان گرفتار شدگان میں ایک جرمن شہری پیٹر اشٹؤڈنر بھی شامل ہیں۔