افغانستان میں نیٹو فوجی ہیلی کاپٹر کریش، تین فوجی ہلاک
7 جولائی 2009افغانستان میں متعین اتحادی افواج کے ترجمان نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حادثہ جنوبی افغانستان میں پیش آیا۔ زابل کے قریب واقع ملٹری بیس سے پرواز کے فورا بعد ہی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں دو دیگر کینیڈین فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ پیر کو ہونے والے اس حادثے کی وجوہات کے لئے تحقیقات جاری ہیں تاہم یہ بات واضح ہے کہ ہیلی کاپٹر عسکریت پسندوں کی جانب سے کسی کارروائی کا شکار نہیں ہوا۔ اس دوران افغانستان کے مختلف مقامات پرعسکریت پسندوں کی جانب سے کئے گئے حملوں میں سات امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔
دریں اثناء جنوبی افغان صوبے ہلمند میں امریکی میرین کمانڈوز کا آپریشن جاری ہے اور اب تک صوبے کے کئی اضلاع پر کنٹرول حاصل کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے میں افغانستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے خودکش حملوں اور پرتشدد کارروائیوں میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اس سال افغانستان میں صدارتی انتخابات کے موقع پر امن و امان سب سے بڑا مسئلہ سمجھا جا رہا ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عاطف بلوچ